روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے شعبہ مذہبی امور نے عشرہ محرم کے احیاء اور مقامات مقدسہ کی زیارت اور عزاداری کے لئے آنے والے زائرین کو دینی، فقہی، رہنمائی، معلوماتی، اور تعلیمی خدمات فراہم کرنے کے لئے ایک جامع اور وسیع منصوبہ بنایا ہے، اس مقصد کے لئے روضہ مبارک کے اندر اور باہر خصوصی ڈیسک اور مراکز قائم کئے گئے ہیں، جہاں مذکورہ شعبہ کے ارکان زائرین امام حسین علیہ السلام کو دن و رات تعلیمی خدمات اور رہنمائی فراہم کر رہے ہیں۔
مذکورہ شعبہ نے اپنے اس ثقافتی و تبلیغی منصوبے کو زیادہ سے زیادہ کامیاب بنانے کے لیے نجف اشرف اور کربلا کے حوزہ علمیہ کے علماء و طلباء سے بھی تعاون حاصل کیا۔
مذکورہ شعبہ کے نائب سربراہ شیخ عادل وکیل نے الکفیل نیٹ ورک کو بتایا ہے کہ محرم اور صفر کے مہینے میں ہمارا شعبہ خاص طور پر بہت سے ایسے پروگراموں کا انعقاد کرتا ہے کہ جن کے ذریعے سے امام حسین علیہ السلام کے قیام، اس کے اثرات اور سب کی عمومی ذمہ داریوں کے بارے میں آگاہی پھیلائی جاتی ہے اور اسی طرح سے اس کے پوری بشریت کو حاصل ہونے والے فوائد و اثرات بھی موضوع گفتگو رہتے ہیں۔
شعبہ مذہبی امور کی طرف سے فراہم کردہ اہم دینی و تعلیمی خدمات کی تفصیلات درج ذیل ہیں۔
روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام میں محرم الحرام اور واقعہ کربلا کے حوالے سے مجالس عزاء اور تعلیمی و فکری لیکچرز کا انعقاد۔
ظہر کی نماز سے پہلے زائرین کے لیے تبلیغی اور رہنمائی نشستوں کا انعقاد تاکہ قیام حسینی اور انقلاب حسین کے اصولوں اور مقاصد کو متعارف کرایا جا سکے۔
روضہ مبارک کے اندرونی و بیرونی صحنوں میں تعلیمی مراکز کا قیام تاکہ زائرین کی جانب سے پوچھے گئے عقائدی، فقہی اور اخلاقی سوالات کے جوابات دئے جا سکیں۔
زائرین کو مذہبی مشاورت، ہدایات اور رہنمائی فراہم کرنا۔
آن لائن سرگرمیوں کے ضمن میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز ، براہ راست نشریات، اور سیٹلائٹ و ریڈیو کے ذریعے انقلاب حسینی پر متعدد پروگرامز اور ڈسکشن سیشنز کا انعقاد۔
الکفیل سینٹر فار آرٹسٹک پروڈکشن اور عالمی الکفیل نیٹ ورک کے چینلز کے ذریعے محرم الحرام کے حوالے سے خصوصی نشریات۔
مابین الحرمین مذہبی، تعلیمی اور مراسم عزاء سے متعلق ہزاروں پمفلٹس، کتابچوں اور بروشرز پر مشتمل پویلین جو دیکھنے والوں کو تعلیم دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
عشرہ محرم کے دوران زائرین کی موجودگی کو مذہبی، عقائدی، فکری اور ثقافتی طور پر مزید ثمر آور بنانے کے لیے ما بین الحرمین کے لاؤڈ سپیکرز اور ٹیلی سکرینز سے خصوصی ہدایات اور گزارشات کی نشرو اشاعت۔
شعبہ مذہبی امور سے وابستہ سٹاف اور مذہبی شخصیات کی کربلا گورنریٹ کے اندر اور باہر برپا کی جانے والی مجالس عزاء اور دیگر عزائی سرگرمیوں میں شرکت۔
- شعبہ مذہبیی امور سے وابستہ علماء کی ٹی وی اور ریڈیو پروگراموں میں شرکت اورانقلاب حسینی کے اہداف پر گفتگو اور وضاحت کرنا۔
اس کے علاوہ روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے شعبہ مذہبیی امور سے وابستہ علماء سے اپنے کسی بھی فقہی، عقائدی اور تاریخی سوال کا جواب حاصل کرنے کے لیے مندرجہ ذیل لنک یا فون نمبرز سے استفادہ کیا جا سکتا ہے:
https://alkafeel.net/religious/index.php?add_quest
(009647706020688)اور (009647803857576
واضح رہے کہ شعبہ مذہبی امور کی جانب سے تیار کردہ یہ تعلیمی و تبلیغی منصوبہ زیارت اربعین تک جاری رہے گا۔