روضہ مبارک حضرت عباس (ع) کے شعبہ مذہبی امور کی جانب سے عشرہ محرم کی مجالس کا انعقاد جاری ہے، یہ مجالس عزاء یکم محرم الحرام سے روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام اور شہر کے متعدد حصوں میں برپا کی جا رہی ہیں۔
روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے صحن اطہر میں منعقد کی جانے والی مجالس عزاء سے مذہبی امور ہی کے شیخ علی موہان خطاب کرتے ہوئے امام حسین علیہ السلام کے پیغام کو مومنین تک پہنچا رہے ہیں۔
شیخ موہان نے اس پیغام حسینی کو کئی حصوں اور موضوعات میں تقسیم کیا ہے، اور روزانہ اس کے کسی ایک حصے کے تصورات اور مفاہیم کو واضح کرتےہیں اور قیام حسینی، میدان کربلا میں پیش آنے والے مصائب وآلام اور خاندان رسالت کی جانب سے پیش کی جانے والی لازوال قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے انقلاب حسینی کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہیں۔
روضہ مبارک میں منعقد کی جانے والی ان مجالس عزاء میں روضہ مبارک کے خدام کے علاوہ زائرین کی بڑی تعداد شرکت کر رہی ہے اور شیخ علی موہان کے لیکچرز سے استفادہ کرتے ہوئے اس لافانی پیغام کے تصورات اور مقاصد کو سمجھ رہی ہے۔
واضح رہے کہ روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے شعبہ مذہبی امور نے عشرہ محرم کے احیاء اور مقامات مقدسہ کی زیارت اور عزاداری کے لئے آنے والے زائرین کو دینی، فقہی، رہنمائی، معلوماتی، اور تعلیمی خدمات فراہم کرنے کے لئے ایک جامع اور وسیع تر منصوبہ بنایا ہے، اس مقصد کے لئے روضہ مبارک کے اندر اور باہر مجلس عزاء کے انعقاد کے ساتھ ساتھ روضہ مبارک میں خصوصی ڈیسک اور مراکز قائم کئے گئے ہیں، جہاں مذکورہ شعبہ کے ارکان زائرین امام حسین علیہ السلام کو دن و رات تعلیمی خدمات اور رہنمائی فراہم کر رہے ہیں۔
مذکورہ شعبہ نے اپنے اس ثقافتی و تبلیغی منصوبے کو زیادہ سے زیادہ کامیاب بنانے کے لیے نجف اشرف اور کربلا کے حوزہ علمیہ کے علماء و طلباء سے بھی تعاون حاصل کیا۔