روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے انجینئرنگ مینٹیننس اینڈ کنسٹرکشن ڈیپارٹمنٹ کے عملے نے روز عاشور زیارت کے لئے آنے والے زائرین کی کثیر تعداد کے پیش نظر باب فرات سے لیکر باب امام علی علیہ السلام کے مقابل میں واقع (1700) مربع میٹر کے رقبے پر مشتمل حاصل کی گئی اضافی جگہ کی بحالی کا کام مکمل کر لیا ہے تاکہ زیارت عاشور کے دوران شدید رش کو کم کرتے ہوئے زائرین کو مراسم زیارت کی ادائیگی کے لئے اضافی جگہیں فراہم کی جا سکیں۔
یہ اضافی جگہ حال ہی میں بیرونی توسیعی منصوبے کے تحت حرم مطہر کے بیرونی حصے کے قریب واقع عمارتوں کو گرانے کے بعد حاصل کی گئی تھی اور یہاں سے ملبہ ہٹانے اور زمین کو ہموار کرنے کے بعد فرش تیار کیا گیا تھا جس پر ٹف ٹائلز لگائی گئیں ہیں اور اس سے ملحقہ گلی کو ہموار کرنے کے بعد اس پر کرب اسٹون ٹائلز لگائی گئیں ہیں۔
انجینئرنگ مینٹیننس اینڈ کنسٹرکشن ڈپارٹمنٹ کے عملے نے شدید موسمی حالات اور انتہائی بلند درجہ حرارت کے باوجود ان کاموں کو مکمل کرنے کے لیے غیر معمولی کوششیں کی ہیں تاکہ زیارت عاشورہ کے دوران عزاداران امام حسین علیہ السلام کی کثیر تعداد کو ایڈجسٹ۔کیا جا سکے۔
اس جگہ کا ایک حصہ پانی کو سٹور کرنے کے لیے مختص کیا گیا ہے جسے دس محرم الحرام کو زائرین میں تقسیم کیا جائے گا اور دوسرا حصہ زائرین کو مراسم عزاداری کی ادائیگی کے لئے مختص کیا گیا ہے۔