الکفیل یونیورسٹی نے زائرین اربعین کے استقبال اور انھیں خدمات فراہم کرنے کے لیے اپنی تمام تیاریاں مکمل کرنے کا اعلان کیا ہے

روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے شعبہ تربیت و اعلی تعلیم سے وابستہ الکفیل یونیورسٹی نے زائرین اربعین کے استقبال اور انھیں اپنی خدمات فراہم کرنے کے لیے اپنی تمام تیاریاں مکمل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ الکفیل یونیورسٹی کا خدماتی موکب نجف کربلا روڈ پر روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کا پہلا سروس اسٹیشن ہے۔

الکفیل یونیورسٹی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر نورس الدھان نے الکفیل نیٹ ورک کو بتایا: "ہماری یونیورسٹی کا موکب نجف گورنریٹ کے اہم خدماتی مواکب میں سے ایک ہے۔ کیونکہ ہم اس موکب پرروضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی نمائندگی کرتے ہیں اس لئے ہم زائرین کرام کو بہترین خدمات فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کرتے ہیں۔ "

انہوں نے کہا، "اس مرتبہ زیارت اربعین کے دوران یونیورسٹی دو خدماتی مواکب لگا رہی ہے، جن میں سے ایک (نجف / کربلا) روڈ پر ستون (23) کے قریب ہے جبکہ دوسرا موکب شہر کوفہ میں عظیم صحابی میثم التمر (علیہ السلام) کے مزار کے قریب قائم کیا گیا ہے۔"

انہوں نے مزید کہا کہ "یونیورسٹی مسلسل دسویں سال زائرین کو اپنی خدمات فراہم کرنے کا اعزاز حاصل کر رہی ہے۔ ہمارے خدماتی مواکب میں عملے کے علاوہ یونیورسٹی کے پروفیسرز اور طلباء بھی زائر ین کرام کو خدمات پیش کر رہے ہیں اور زائرین سید الشہداء کو کھانا پیش کیا جا رہا ہے اور جوں جوں زائرین کی تعداد زیادہ ہو رہی ہے ہماری خدمات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ گرم موسم کے پیش نظر ہم زائرین کرام کو چوبیس گھنٹے ٹھنڈا پانی، جوسز اور مشروبات بھی پیش کر رہے ہیں۔ ہم نے خواتین و حضرات کی رہائش اور آرام کے لئے علیحدہ علیحدہ ہالز بھی تیار کئے ہیں۔ اس کے علاوہ تعلیم القرآن پروگرام کے ضمن میں زائرین کرام کو قرآنی و دینی خدمات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔"

انہوں نے مزید کہا، "یونیورسٹی کے طبی دستے زائرین کو طبی خدمات بھی فراہم کر رہے ہیں، جبکہ ہمارے موکب میں گمشدہ اور لاپتہ افراد کی رہنمائی کے لیے بھی ایک مرکزموجود ہے۔"
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: