28صفر کا دن تمام مسلمانوں کے لیے غم والم کی یادوں کے ساتھ وابستہ ہے۔ سن 11ہجری میں 28صفر کا سورج پوری کائنات کے لیے رحمت العالمین کی شہادت کی خبر لے کر طلوع ہوا یہ وہی دن ہے جس میں پوری کائنات کے محسن حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے 63سال کی عمر میں زہرِ دغا سے جام شہادت نوش کیا۔ آپ کے جسم مطہر کو حضرت علی(ع) نے اپنے خاندان کے چند افراد کے ساتھ مل کر غسل اور کفن دیا اور آپ کو اپنے گھر میں سپرد خاک کیا کہ جو مسجد النبی کے ساتھ جڑا ہوا تھا۔
رسول خدا حضرت محمد(ص) کے یومِ شہادت پر نواسہ رسول حضرت امام حسین اور حضرت عباس علیہم السلام کو پرسہ پیش کرنے کے لئے آج بروز اتوار بعد از ظہر(28 صفر 1444ھ) کو روضہ مبارک امام حسین(ع) اور روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے خدام نے ایک ماتمی جلوس برآمد کیا۔ یہ جلوس حضرت عباس علیہ السلام کے روضہ مبارک سے برآمد ہوا اور ماتم اور نوحہ خوانی کرتا ہوا مابین الحرمین پہنچا اور پھر وہاں سے روضہ مبارک امام حسین علیہ السلام میں داخل ہو گیا کہ جہاں مجلسِ عزاء برپا ہوئی اور یہ جلوس اختتام پذیر ہو گیا۔