روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی طرف سے ہندوستان کے شہر لکھنؤ میں دوسرے سالانہ جشن امیرالمومنین(ع) کا انعقاد

جشن امیرالمومنین(ع) کا شعار

ہندوستان کے شہر لکھنؤ میں روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی طرف سےحضرت علی بن ابی طالب(ع) کے جشن میلاد کے پرمسرت موقع پر منعقد ہونے والے جشن امیر المومنین (ع) کی انتظامی کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ اس سال یہ جشن مکمل عقیدت و احترام کے ساتھ ۱۳ تا ۱۷ رجب ۱۴۳۵ھ بمطابق ۱۳تا ۱۷ مئی ۲۰۱۴ء کو منعقد ہو گا۔
اس سال یہ جشن اس شعار اور نعرے کے تحت منعقد ہو رہا ہے کہ حضرت امیر المومنین علی بن ابی طالب(ع) ہی صالح المومنین اور وارث علم النبیین ہیں۔
لکھنو میں منعقد ہونے والے سالانہ جشن امیر المومنین میں روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے علاوہ روضہ مبارک امام علی بن ابی طالب(ع)، روضہ مبارک حضرت امام حسین(ع)، روضہ مبارک حضرت امام موسیٰ کاظم(ع) و امام محمد تقی(ع) اور عراق میں موجود شیعہ مزارات کا جنرل سیکرٹریٹ بھی شرکت کر رہے ہیں۔
روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے فکر و ثقافت سیکشن کے ڈپٹی ڈاریکٹر سید عقیل عبد الحسین یاسری نے بتایا ہے کہ گزشتہ سال روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی طرف سے جشن میں منعقد ہونے والی تقریبات نے اہل بیت اطہار(ع) کی فکر و ثقافت کو پھیلانے اور لوگوں کو حقیقی اسلام سے روشناس کروانے میں اہم کردار ادا کیا لہٰذا اس مرتبہ عراق میں موجود تمام روضوں اور مقدس مقامات و مزارات کے اداروں کو اس جشن میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے تاکہ فکر اہل بیت(ع) کی نشرو اشاعت کے حوالے سے زیادہ سے زیادہ کام ہو سکے۔
اس سال کے پروگراموں کے بارے میں سید عقیل یاسری نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ گزشتہ سال کی تقریبات کے علاوہ اس سال حضرت زینب(ع) کے یوم شہادت مجلس عزا، اربعین امام حسین(ع) کے حوالے سے تصویری نمائش اور ایک علمی و تحقیقی کانفرنس بھی جشن کی تقریبات کا حصہ ہے۔
یہ بات واضح رہے کہ یہ جشن ہر سال روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی طرف سےہندوستان کے صوبے اترپردیش کے دارالحکومت لکھنؤ میں دنیا کے سب سے بڑے امام باڑہ (امام باڑہ آصف الدولہ) میں منعقد ہوتا ہے اور یہ جشن ہندوستان میں مذھب حقہ کی پر اثر آواز کو پہنچانے کا بہترین ذریعہ ہے۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: