روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام نے زلزلے سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے مزید دو طیاروں کے ذریعے 26 ٹن امدادی سامان شام روانہ کیا ہے۔
دو C-130 طیاروں کے ذریعے بھیجا گیا یہ امدادی سامان گردوں کے ڈائیلسسز کے لئے جدید مشینوں کے علاوہ کھانے پینے کی اشیاء، طبی سامان اور بچوں کے فارمولا دودھ پر مشتمل ہے جس کا وزن 26 ٹن ہے۔
نجف اشرف میں موجود اعلیٰ دینی قیادت اور روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے متولی شرعی علامہ سید احمد صافی کی ہدایات کے مطابق روضہ مبارک نے شام میں تباہ کن زلزلے سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے دوسری مرتبہ دو C-130 طیاروں کے ذریعے امدادی سامان روانہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ اس پہلے روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی جانب سے شام جانے والا امدادی قافلہ (1555) ٹن سے زیادہ امدادی سامان پر مشتمل تھا اور اس امدادی مہم میں روضہ مبارک کے 220 سے زائد خدام شامل تھے، جو خدمت اور انسانی کوششوں میں حرم مطہر کی نمائندگی کرتے ہوئے متاثرین میں خوراک، ادویات، طبی سامان، لباس اور دیگر بنیادی اشیاء تقسیم کر رہے تھے اور بے گھر ہو جانے والے متاثرین کو رہائش کی فراہمی کے لئے خیمے لگا کر دے رہےتھے۔ اس کے علاوہ متاثرین کو بجلی کی فراہمی کے لئے الیکٹرک پاور جنریٹرز اور ایندھن بھی فراہم کیا گیا تھا۔
دو C-130 طیاروں کے ذریعے بھیجا گیا یہ امدادی سامان شام کے اللاذقية ایئرپورٹ پر پہنچ چکا ہے۔