کتابی نمائش ’’معرض کربلا الدولی للکتاب‘‘ میں عراق کے مقدس روضوں کی منفرد حیثیت ۔۔۔۔۔۔۔

ایک کتابی سٹال

حضرت امام حسین(ع) اور حضرت عباس(ع) کے روضہ مبارک کی طرف سے لگائی جانے والی کتابوں کی دسویں سالانہ نمائش ’’معرض کربلا الدولی للکتاب‘‘ میں جہاں دنیا بھر سے سینکڑوں ناشرین شریک ہوئے ہیں وہاں اپنی فکری و ثقافتی منشورات کو لیے ہوئے عراق کے مقدس روضے بھی اس نمائش میں لوگوں کی نظروں کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔
نمائش گاہ کے داخلی دروازے کے ساتھ ہی دونوں طرف روضہ مبارک حضرت امام علی(ع)، روضہ مبارک حضرت امام حسین(ع)، روضہ مبارک امام موسیٰ کاظم(ع) و امام محمد تقی(ع)، روضہ مبارک امام علی نقی(ع) و امام حسن عسکری(ع) اور روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے سٹالوں پر سب سے پہلے ہر آنے والے کی نظر پڑتی ہے کہ جہاں ہزاروں موضوعات پر لکھی گئی کتابیں، پمفلٹس اور دیگر منشورات لوگوں کو اپنی طرف کھینچے لاتی ہیں۔
عراق کے مقدس روضوں کے سٹالز میں دیگر علمی منشورات کے ساتھ بچوں، خواتین اور ایک مسلم خاندان کے حوالے سے بھی بہت سی منشورات رکھی گئی ہیں، مقدس روضوں میں ہونے والی تعمیر و ترقی کے حوالے سے یہاں آنے والوں کو چھوٹی چھوٹی کتابیں اور پمفلٹس دئیے جا رہے ہیں وہاں ایسی جگہیں بھی مختص کی گئی ہیں کہ جہاں پر بیٹھے ہوئے افراد سے براہ راست کوئی بھی شخص مقدس روضوں میں ہونے والی تعمیر و ترقی کے بارے میں سوالات کر کے معلومات حاصل کر سکتا ہے۔
یہ بات واضح رہے کہ اس سال 180 سے زیادہ ناشرین اور دیگر کتابی ادارے اس نمائش میں شریک ہیں اس نمائش کا انعقاد روضہ مبارک حضرت امام حسین(ع) کے صحن العقیلۃ زینب(ع) میں کیا گیا ہے کہ جہاں ۲۵۵۰م۲ رقبہ پر اس نمائش کے لیے ہال نما خیمہ نصب کیا گیا ہے اور اس میں ہر ادارے کے لیے الگ سے جگہ مختص کی گئی ہے۔
حضرت امام حسین(ع)، حضرت امام زین العابدین(ع)، حضرت عباس(ع) اور خاندان رسالت سے تعلق رکھنے والی دیگر ہستیوں کے جشن میلاد کے حوالے سے گزشتہ دس سالوں سے حضرت امام حسین(ع) اور حضرت عباس(ع) کے روضہ مبارک کی طرف سے ربیع الشھادۃ جشن منعقد ہو رہا ہے کہ جس کے تمام انتظامات کربلا کے دونوں مقدس روضوں کی طرف سے کیے جاتے ہیں اور اس کی تقریبات میں کتابوں کی نمائش کو اہم حیثیت حاصل ہے۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: