دسویں سالانہ ربیع الشھادۃ جشن کے ضمن میں روضہ مبارک حضرت عباس(ع) میں تصویروں اور دیگر فنی اشیاء کی نمائش

نمائش کا افتتاحی منظر
روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے پرنٹنگ پریس اور طباعتی ادارے "دار الکفیل للطباعۃ والنشر" کی تاسیس کی سالگرہ کے موقع پر دار الکفیل کی طرف سے دسویں سالانہ بین الاقوامی ربیع الشھادۃ ثقافتی جشن کے ضمن میں باب امیرالمومنین(ع) ھال میں ایک نمائش کا انعقاد کیا گیا ہے کہ جس میں تصاویر اور بہت سی فنی اشیاء کو رکھا گیا ہے۔
بروز منگل ۴ شعبان ۱۴۳۵ھ بمطابق ۳ جون ۲۰۱۴ کی شام روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے سیکرٹری جنرل علامہ سید احمد صافی نے اس نمائش کا افتتاح کیا۔ اس افتتاحی تقریب میں دسویں سالانہ ربیع الشھادۃ میں شرکت کے لیے آئے ہوئے مہمانوں کے علاوہ بہت بڑی تعداد میں علمی و ثقافتی شخصیات نے شرکت کی۔
روضہ مبارک کے طباعتی ادارے دار الکفیل للطباعۃ والنشر کے انچارج جناب میثم زیدی نے بتایا ہے کہ اس نمائش میں عراق اور دوسرے ممالک سے تعلق رکھنے والے مصورین، فوٹو گرافروں اور فنی ماہرین کے فن پاروں کو رکھا گیا ہے اور لوگوں کی بڑی اس نمائش کو دیکھنے کے لیے آرہی ہے۔
یہ بات واضح رہے کہ حضرت امام حسین(ع)، حضرت امام زین العابدین(ع)، حضرت عباس(ع) اور خاندان رسالت سے تعلق رکھنے والی دیگر ہستیوں کے جشن میلاد کے حوالے سے گزشتہ دس سالوں سے حضرت امام حسین(ع) اور حضرت عباس(ع) کے روضہ مبارک کی طرف سے ربیع الشھادۃ جشن منعقد ہو رہا ہے کہ جس کے تمام انتظامات کربلا کے دونوں مقدس روضوں کی طرف سے کیے جاتے ہیں اور اس کی تقریبات میں کتابوں کی نمائش کو اہم حیثیت حاصل ہے.
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: