شام میں روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے امدادی وفد نے لاذقية ہیلتھ ڈائریکٹوریٹ کو 3 ٹن ادویات اور طبی سامان فراہم کیا ہے، جو زلزلے سے تباہ حال گورنریٹ کے ہسپتالوں میں تقسیم کیا جائے گا۔
حرم مقدس کی طرف سے فراہم کی جانے والی ادویات اور طبی سامان کی فراہمی شام میں زلزلے سے متاثرہ افراد کے لیے جاری ان امدادی کوششوں کا حصہ ہے جو نجف میں اعلی مذہبی قیادت کی اپیل اور روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے متولی شرعی سید احمد الصافی کی ہدایات پر زلزلہ متاثرین کی امداد کے لئے شروع کی گئی تھیں اور جن کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔
وفد نے زلزلے سے متاثرہ شہریوں اور خاندانوں کو خدمات اور صحت کی دیکھ بھال فراہم کرنے میں ہسپتالوں کی کوششوں میں تعاون کرنے کے مقصد سے مختلف ادویات اور طبی اور علاج کا سامان پیش کیا ہے۔
روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی جانب سے زلزلہ متاثرین کی مدد اور بحالی کے لئے پہلا امدادی قافلہ 22 فروری کو شام کے لیے روانہ کیا گیا تھا، اور اس میں (1555) ٹن سے زیادہ ادویات، خوراک، گرم کپڑے، کمبل خیمے اور متاثرہ خاندانوں کو درکار تمام سامان شامل تھا۔
روضہ مبارک کا دوسرا امدادی قافلہ 3 مارچ کو دو سی ون طیاروں کے ذریعے 26 ٹن سے زیادہ امدادی سامان لیکر زلزلے سے متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے بھیجا گیا۔ روضہ مبارک کے شام میں موجود امدادی ودف کی جانب سے روزانہ ہزاروں خاندانوں میں راشن کے تھیلے اور کھانے کے پیکٹس تقسیم کئے جاتے ہیں تاکہ موجودہ بحران میں زلزلے سے متاثرہ خاندانوں کی مدد کی جا سکے۔