روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کا ایک اور امدادی قافلہ شمالی شام کے زلزلہ سے شدید متاثرہ اللاذقية گورنریٹ کے علاقے "منطقة جبلة" پہنچ چکا ہے تاکہ وہاں زلزلے سے متاثرہ افراد کو امداد کی فراہمی شروع کر دی جائے۔
قافلے کے ذریعے امدادی سامان کو شہر میں روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے ریلیف کیمپ تک پہنچا دیا گیا، جہاں متاثرہ خاندانوں میں امداد کی تقسیم کا عمل شروع کرنے کے لیے تیاریاں جاری ہیں۔
حرم مقدس کی طرف سے روانہ کیا جانے والا یہ امدادی قافلہ شام میں زلزلے سے متاثرہ افراد کے لیے جاری ان امدادی کوششوں کا حصہ ہے جو نجف میں اعلی مذہبی قیادت کی اپیل اور روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے متولی شرعی سید احمد الصافی کی ہدایات پر زلزلہ متاثرین کی امداد کے لئے شروع کی گئی تھیں اور جن کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔
روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی جانب سے زلزلہ متاثرین کی مدد اور بحالی کے لئے پہلا امدادی قافلہ 22 فروری کو شام کے لیے روانہ کیا گیا تھا، اور اس میں (1555) ٹن سے زیادہ ادویات، خوراک، گرم کپڑے، کمبل، خیمے اور متاثرہ خاندانوں کو درکار تمام سامان شامل تھا۔
روضہ مبارک کا دوسرا امدادی قافلہ 3 مارچ کو دو سی ون طیاروں کے ذریعے 26 ٹن سے زیادہ امدادی سامان لیکر زلزلے سے متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے بھیجا گیا۔
جبکہ شام میں روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے امدادی وفد نے لاذقية ہیلتھ ڈائریکٹوریٹ کو 3 ٹن ادویات اور طبی سامان فراہم کیا ہے، جو زلزلے سے تباہ حال گورنریٹ کے ہسپتالوں میں تقسیم کیا گیا۔
روضہ مبارک کی امدادی مہم میں 220 سے زائد افراد شامل ہیں، جو خدمت اور انسانی کوششوں میں حرم مطہر کی نمائندگی کرتے ہوئے متاثرین میں خوراک، ادویات، طبی سامان، لباس اور دیگر بنیادی اشیاء تقسیم کر رہے ہیں اور بے گھر ہو جانے والے متاثرین کو رہائش کی فراہمی کے لئے خیمے لگا کر دے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ متاثرین کو بجلی کی فراہمی کے لئے الیکٹرک پاور جنریٹرز اور ایندھن بھی فراہم کیا جا رہا ہے۔