لاذقیہ کے امدادی کیمپ میں روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے طبی خدمات فراہم کرنے والے وفد کے سربراہ احمد حسین الزملی نے کہا کہ شام میں ہسپتالوں میں ادویات اور طبی سامان کی کمی کو پورا کرنے کے لیے ہم لاذقیہ ہیلتھ ڈائریکٹوریٹ کو مسلسل تعاون فراہم کرتے ہوئے ہسپتالوں کو طبی سامان اور ادویات فراہم کر رہے ہیں۔ اب بھی جیسے ہی ہمیں روضہ مبارک کی جانب سے ادویات اور طبی سازوسامان کی نئی امدادی کھیپ موصول ہوئی ہے ہم نے لاذقیہ کے ہسپتالوں میں ادویات اور طبی سامان کی تقسیم شروع کرنے کے لیے اپنی تیاریاں مکمل کر لی ہیں اور ہم یہ سامان فراہم کرنے کے لئے تیار ہیں۔
انہوں نے مزید کہا، "اس امداد میں (2) ٹن سے زیادہ ادویات اور مختلف طبی سامان شامل ہے، جس کا مقصد زلزلے سے متاثرہ شہریوں اور خاندانوں کو صحت کی خدمات اور دیکھ بھال فراہم کرنے میں ہسپتالوں کی کوششوں کی حمایت کرنا ہے۔"
روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام نے متاثرہ لوگوں کو انسانی بنیادوں پر امداد فراہم کرنے کے لیے ضروری کوششیں کیں ہیں اور انہیں امداد کے ساتھ ساتھ ان مشکلات سے نکلنے کے لئے امید اور حوصلہ بھی دیا ہے۔
شام بھیجے جانے والے آخری امدادی قافلے میں (100) سے زائد گاڑیاں(جن میں (73) بڑے ٹرک تھے) شامل تھیں، جو پانی اور ایندھن کے علاوہ 1,000 ٹن سے زیادہ خوراک، طبی سامان اور بچوں کا فارمولا دودھ لیکر شام روانہ کی گئیں تھیں۔
نیز یہ امدادی قافلہ (2) ٹن مختلف ادویات اورطبی سامان، (5) ٹن بچوں کا فارمولا دودھ، (200) ٹن کپڑے، (200) ٹن فرنیچر کے علاوہ (10,000) لیٹر پانی، اور (75,000) ہزار لیٹر ایندھن پر مشتمل تھا۔
واضح رہے کہ روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی جانب سے 22 فروری کو شام کے لیے روانہ کیا گیا تھا، اور اس میں (1555) ٹن سے زیادہ ادویات، خوراک، گرم کپڑے، کمبل، خیمے اور متاثرہ خاندانوں کو درکار تمام سامان شامل تھا۔
روضہ مبارک کا دوسرا امدادی قافلہ 3 مارچ کو دو سی ون طیاروں کے ذریعے 26 ٹن سے زیادہ امدادی سامان لیکر زلزلے سے متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے بھیجا گیا۔
جبکہ روضہ مبارک کا تیسرا امدادی قافلہ حال ہی میں شمالی شام کے زلزلہ سے شدید متاثرہ اللاذقية گورنریٹ کے علاقے "منطقة جبلة" پہنچ چکا ہے وہاں زلزلے سے متاثرہ افراد کو امداد کی فراہمی شروع کی جا چکی ہے۔
روضہ مبارک کی امدادی مہم میں 220 سے زائد افراد شامل ہیں، جو خدمت اور انسانی کوششوں میں حرم مطہر کی نمائندگی کرتے ہوئے متاثرین میں خوراک، ادویات، طبی سامان، لباس اور دیگر بنیادی اشیاء تقسیم کر رہے ہیں اور بے گھر ہو جانے والے متاثرین کو رہائش کی فراہمی کے لئے خیمے لگا کر دے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ متاثرین کو بجلی کی فراہمی کے لئے الیکٹرک پاور جنریٹرز اور ایندھن بھی فراہم کیا جا رہا ہے۔