گزشتہ دو ہفتوں کے دوران روضہ مبارک حضرت عباس(ع) نے شام میں زلزلے سے متاثرہ 14,000 سے زائد خاندانوں کو امداد فراہم کی ہے

روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے شام میں موجود امدادی وفد کی طرف سے زلزلے سے متاثرہ خاندانون کی مدد و بحالی کے لیے امدادی کاروائیاں جاری ہیں اور گزشتہ دو ہفتوں کے دوران روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے وفد نے شام کے صوبہ لاذقیہ میں زلزلے سے متاثرہ 14,000 سے زائد خاندانوں کو امداد فراہم کی ہے۔

شام میں زلزلہ متاثرین کے لیے یہ امدادی مہم نجف اشرف میں موجود اعلیٰ دینی قیادت کی اپیل اور روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے متولی شرعی علامہ سید احمد صافی کی ہدایات پر شروع کی گئی تھی جو تاحال جاری ہے۔

روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی طرف سے شام بھیجا گیا آخری امدادی قافلہ (100) سے زائد گاڑیوں پر مشتمل ہے، جن میں (73) بڑے ٹرکوں پر (1000) ٹن مختلف اشیائے خوردونوش بھیجی گئی ہیں، نیز اس امدادی قافلہ میں (2) ٹن مختلف ادویات اور طبی سامان، (5) ٹن بچوں کا فارمولا دودھ، بڑی تعداد میں کپڑوں اور بستروں کے علاوہ (10,000) لیٹر پانی، اور (75,000) ہزار لیٹر ایندھن شامل ہے۔

روضہ مبارک کی طرف سے اس امدادی مہم کا مقصد زلزلہ سے متاثرہ شام کے ان دور دراز دیہی اور شہری علاقوں تک امداد پہنچانا ہے جہاں امدادی قافلے یا تو پہنچے ہی نہیں یا پھر بہت کم تعداد میں انھیں امداد مل پائی ہے۔

واضح رہے کہ روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی جانب سے پہلا امدادی قافلہ 22 فروری کو شام کے لیے روانہ کیا گیا تھا، اور اس میں (1555) ٹن سے زیادہ ادویات، خوراک، گرم کپڑے، کمبل، خیمے اور متاثرہ خاندانوں کو درکار تمام سامان شامل تھا۔

روضہ مبارک کا دوسرا امدادی قافلہ 3 مارچ کو مال بردار طیاروں کے ذریعے بھیجا گیا کہ جو 26 ٹن سے زیادہ امدادی سامان لے کر زلزلے سے متاثرہ خاندانوں تک پہنچا۔

جبکہ روضہ مبارک کا تیسرا امدادی قافلہ حال ہی میں شمالی شام کے زلزلہ سے شدید متاثرہ لاذقية گورنریٹ کے علاقے "منطقة جبلة" پہنچ چکا ہے وہاں زلزلے سے متاثرہ افراد کو امداد کی فراہمی شروع کی جا چکی ہے۔

روضہ مبارک کی امدادی ٹیم میں 220 سے زائد افراد شامل ہیں، جو اس انسانی خدمت میں روضہ مبارک کی نمائندگی کرتے ہوئے متاثرین میں خوراک، ادویات، طبی سامان، لباس اور دیگر بنیادی اشیاء تقسیم کر رہے ہیں اور بے گھر ہو جانے والے متاثرین کو رہائش کی فراہمی کے لئے خیمے لگا کر دے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ متاثرین کو بجلی کی فراہمی کے لئے الیکٹرک پاور جنریٹرز اور ایندھن بھی فراہم کیا جا رہا ہے۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: