آیت اللہ العظمی سید علی حسینی سیستانی (دام ظلہ) کے دفتر نے اپنے ایک بیان کے ذریعے نجف اشرف میں موجود دینی درسگاہ دار العلم کے متولی سید جواد خوئی سے وہاں بنائی گئی مسجد سے اعلی دینی قیادت کے نام کو ہٹانے کا کہا ہے۔
اس بیان کا متن یہ ہے:
بسم الله الرحمن الرحيم
فاضل علامہ سید جواد خوئی، متولی مدرسہ دارالعلم للامام الخوئی (رضوان اللہ علیہ)
السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
مدرسہ دار العلم کے مصلی کی افتتاحی تقریب میں جو اعلان کیا گیا اس سے ہم حیران رہ گئے کہ اس کا نام جناب سید سیستانی (دام ظلہ) کے نام پر رکھا گیا ہے، اور یہ بات یقینی ہے کہ یہ آپ کی طرف سے اعلیٰ دینی قیادت کے مرتبہ کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے تھا اور اعلی دینی قیادت کی طرف سے اس مبارک درسگاہ کے رہائشی حصے کی تعمیر کو مکمل کرنے کے حکم کو یاد رکھنے کے لیے تھا کہ جو قابل شکر وقدر ہے۔
لیکن چونکہ جناب سید سیستانی (دام ظلہ) یہ نہیں چاہتے کہ ان کے نام پر کسی بھی عوامی مقام کا نام رکھا جائے۔ انھوں نے خود بھی اپنے بنائے ہوئے علمی مدارس کے نام دوسرے علماء کے ناموں پر رکھے -مثلا نجم الأئمة الاسترابادي، العلامة البلاغي، المحقق الشيخ حسين الحلي، العلمين المظفرين- امید ہے کہ آپ مذکورہ نام کو بدل دیں گے، اور آپ کا بہت شکریہ۔
دفتر سید سیستانی - نجف اشرف
17 رمضان المبارک 1444ھ