شعبہ دینی رہنمائی برائے خواتین کی تمام قرآنی محافل اختتام پذیر ہو گئی ہیں

روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے شعبہ دینی رہنمائی برائے خواتین کی طرف سے ماہ رمضان کے دوران روضہ مبارک میں منعقد ہونے والی تمام قرآنی محافل اختتام پذیر ہو گئی ہیں۔

مذکورہ بالا شعبہ کی سربراہ سیدہ عذراء شامی نے کہا ہے کہ ہمارے شعبہ کی طرف سے ماہ رمضان کی ابتدا سے روضہ مبارک کے سرداب امام موسی کاظم(ع) میں منعقد ہونے والی تمام رمضان قرآنی محافل اختتام پذیر ہو گئی ہیں کہ جن میں زائرات کو درست قرأت، شرعی احکام اور عبادتی امور سے آگاہی فراہم کی جاتی تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے ماہ رمضان میں قرآنی محافل کے لیے ایک خصوصی پروگرام ترتیب دیا تھا، تاکہ صحیح طریقے سے ختم قرآن میں دلچسبی رکھنے والی زائرات کو ہمارے شعبہ کے قرآن یونٹ کی باصلاحیت قارئاتِ قرآن کی خدمات فراہم کی جا سکیں۔ ہم نے روضہ مبارک میں روزانہ دو محافل کا انعقاد کیا کہ جن میں سے ایک صبح کے وقت جبکہ دوسری شام کے وقت منعقد ہوتی رہی۔ اس کے علاوہ مقامِ صاحب الزمان(عجل اللہ تعالیٰ فرجہ) میں بھی روزانہ ایک محفل کا انعقاد کیا گیا، تاکہ زائرات کی زیادہ سے زیادہ تعداد کو ان محافل میں شرکت کا موقع مل سکے۔

انہوں نے بتایا کہ ماہ رمضان میں منعقد ہونے والی ان محافل میں قرآن کریم کی تلاوت کے علاوہ بعض آیات کی تفسیر اور ان میں غور و فکر، شرکاء کے درمیان قرآنی مقابلے اور صحیح قرأت تعلیم اور فقہی احکام سے آگاہی کی نشست بھی ان محافل کا حصہ تھی۔

انھوں نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا: آخری محفل کا آغاز قرآن کریم کے تیسویں پارے کی تلاوت سے ہوا، اس کے بعد ختم قرآن پہ امام سجاد علیہ السلام کی دعا پڑھی گئی اور پھر آخر میں سب کو روضہ مبارک کے متبرک تحائف دیئے گئے۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: