دوسری مرکزی گریجویشن تقریب کی سرگرمیاں اختتام پذیر ہو چکی ہیں

روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی جانب سے عراقی یونیورسٹیوں سے فارغ التحصیل ہونے والے طلباء کےاعزاز میں منعقد کی جانے والی دوسری مرکزی گریجویشن تقریب کی سرگرمیاں اختتام پذیر ہو چکی ہیں۔ اس تقریب میں عراق کی مختلف یونیورسٹیوں کے تقریباً 3000 طلباء نے شرکت کی۔

العمید ایجوکیشنل کمپلیکس میں منعقد ہونے والی اس تقریب میں روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے متولی شرعی علامہ سید احمد صافی، سیکرٹری جنرل سید مصطفیٰ مرتضیٰ آل ضیاء الدین، متولی شرعی کے دفتر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر افضل الشامی، مجلس ادارہ کے اراکین، متعدد شعبہ جات کے سربراہان، دسیوں یونیورسٹیوں اور کالجوں کے سربراہان، اعلی علمی و دینی شخصیات اور طلباء نے شرکت کی۔

دوسری مرکزی گریجویشن تقریب کی سرگرمیاں جمعہ کو شروع ہوئیں تھیں اور تقریب کے پہلے حصے میں عراق کی مختلف یونیورسٹیوں سے فارغ التحصیل ہونے والے تقریباً 3,000 طلباء نے جمعہ کی سہ پہر روضہ مبارک حضرت عباس(ع) میں وطن کی خدمت کا حلف اٹھایا۔ روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی مجلس ادارہ کے رکن ڈاکٹرعباس رشید موسوی نے روضہ مبارک کے سامنے طلباء سے وفاداری اور ایمانداری کے ساتھ وطن اور انسانیت کی خدمت کا حلف لیا۔

جس کے بعد طلباء نے روضہ مبارک حضرت امام حسین علیہ السلام میں حاضری کی سعادت حاصل کی اور پھر ما بین الحرمین سے ہوتے ہوئے روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام میں داخل ہوئے اور شرف زیارت حاصل کیا۔

دوسری مرکزی گریجویشن تقریب کے ضمن میں جمعۃ المبارک کی شام کو العمید ایجوکیشنل کمپلیکس میں ایک باقاعدہ تقریب منعقد کی گئی تھی جس سے روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے متولی شرعی سید احمد الصافی نے خطاب کیا، جس میں انہوں نے کہا کہ عراقی یونیورسٹیوں کے طلباء ملک کی تعمیر میں بہترین اور قابل اعتماد طبقے کی نمائندگی کرتے ہیں۔

اس کے بعد اعلیٰ تعلیم اور سائنسی تحقیق کی وزارت کی طرف سے ڈاکٹر حامد تمیمی نے تقریر کی، انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے طلباء کی گریجویشن تقریب کربلا میں عراقی و قومی جوش و جذبے کی نمائندگی کرتی ہے۔

اس کے بعد یاسر الکربلائی نے العمید ایجوکیشنل گروپ کے بچوں کے ساتھ گریجویشن ترانہ پیش کیا۔ اس کے بعد انہوں نے نامور شاعر محمد فاطمی کی نظمیں پڑھیں اور اس کے بعد محمد عامر تمیمی نےایک خوبصورت قصیدہ پڑھا۔

تقریب میں (آباد) کی میڈیا ٹیم کی جانب سے ایک تھیٹر پرفارمنس بھی پیش کی گئی تھی۔ جس کے بعد گریجویٹ طلباء کی جانب سے طالب علم علی فتح یسین تقریر کی، جس میں انہوں نے کہا، " ہم گریجویشن تقاریب کے انعقاد میں اضافے کا مشاہدہ کر رہے ہیں اور یہ ایک مثبت اور خوش آئند اقدام ہے کیونکہ یہ تقاریب طلباء کو عراقی تہذیب، ورثے اور ثقافت سے جوڑتی ہیں اور ان تقریبات نے ہمیں عراق کی چند عظیم علامتوں کے ساتھ جوڑنے میں کردار ادا کیا ہے، جن میں اہل بیت علیہم السلام، گریجویشن کا ترانہ اور مقامات مقدسہ میں حلف برداری شامل ہیں۔"

تقریب میں جامعہ کوفہ کی جانب سے روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے متولی شرعی سید احمد الصافی، اس کے سیکرٹری جنرل سید مصطفیٰ مرتضیٰ آل ضیاء الدین، اور روضہ مبارک کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ محمد علی اظہر کو اعزاز سے نوازا گیا۔

تقریب کا اختتام اس تقریب کے انعقاد میں تعاون فراہم کرنے پر منتظمین، طلبہ اور علمی و تعلیمی اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ہوا۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: