روضہ مبارک حضرت عباس(ع) اور وزارتِ ثقافت و سیاحت اور آثار قدیمہ کے درمیان مشترکہ تعاون کا معاہدہ

روضہ مبارک حضرت عباس(ع) نے عراقی وزارتِ ثقافت و سیاحت اور آثار قدیمہ کے دار مخطوطات کے ساتھ ایک مشترکہ تعاون کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں جس کا مقصد مخطوط ورثے کو محفوظ کرنا ہے۔

روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے نمائندے اور شعبہ فکر و ثقافت کے سربراہ سید عقیل یاسری نے کہا ہے کہ یہ معاہدہ روضہ مبارک کے جنرل سیکرٹریٹ کی ان کاوشوں کا حصہ ہے کہ جن کا مقصد تمام ثقافتی محکموں اور اداروں کے ساتھ تعلقات قائم کرنا اور مل کر کام کرنا ہے کہ جن میں سے ایک وزارتِ ثقافت و سیاحت اور آثار قدیمہ کا دار مخطوطات بھی ہے، لہذا تعاونی افق کو کھولنے کے لیے اس دار مخطوطات اور روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی لائبریری کے درمیان تعاون اور مخطوطات کے تبادلے کا معاہدہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس معاہدہ کی بدولت وزارت میں موجود مخطوطات کے ذخیرہ سے استفادہ ممکن ہو جائے گا، مخطوطات کا جو ذخیرہ اپنی حقیقی اور ڈیجیٹائزنگ صورت میں وہاں موجود ہے وہ اب روضہ مبارک کی لائبریری میں بھی میسر ہو گا اور تمام محققین اور اسکالرز کے لیے دستیاب رہے گا۔ اسی طرح یہ معاہدہ دونوں فریقوں کے لیے نئے تعاون کا پہلا بیچ ہے اور اس معاہدہ سے وزارت کے دار إحياء المخطوطات اور روضہ مبارک کی لائبـریری کے درمیان نئے تعاون کے آفاق جنم لیں گے۔

عراق کے وزیر برائے ثقافت و سیاحت ڈاکٹر احمد بدرانی نے کہا ہے کہ عراقی وزارتِ ثقافت و سیاحت اور آثار قدیمہ نے روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے ساتھ مخطوطات کے تحفظ کے حوالے سے ایک مشترکہ تعاون کی ایک یادداشت پر دستخط کیے ہیں کیونکہ وزارت کے دار مخطوطات میں بڑی تعداد میں مخطوطات موجود ہیں اور اسی طرح روضہ مبارک بھی بڑی تعداد میں تراثی مخطوطات کا مالک ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عراقی وزارت ثقافت و سیاحت اور روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے درمیان مخطوطات کی تحقیقات، تحفظ اور دیکھ بھال، معلومات کے تبادلے اور ان مخطوطات کی برقی کاپیوں کے تبادلے کے حوالے سے تعاون ہو گا۔ اسکالرز اور محققین کو ان تک رسائی فراہم کی جائے گی جس سے محققین کو دور دراز علاقوں یا بیرون ملک سے یہاں آنے کی ضرورت نہ رہے گی اور یہ نسخے بغداد اور مختلف گورنریٹس میں دستیاب ہوں گے۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: