روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کربلا گورنریٹ میں جنوبی گرین بیلٹ پراجیکٹ کو بچانے، اسے سرسبز وشاداب بنانے اور بحال کرنے کے لیے شجرکاری کا کام جاری رکھے ہوئے ہے۔ یہ منصوبہ 27 کلومیٹر طویل اور 100 میٹر چوڑا ہے اور 270.000 مربع میٹر رقبے پر پھیلا ہوا ہے۔
گرین بیلٹ کے پراجیکٹ مینیجر جناب ناصر حسین نے بتایا، " جنوبی گرین بیلٹ پراجیکٹ کی دیکھ بھال کا کام منظم اور مرتب کردہ پلان کے مطابق جاری ہے، تاکہ یہاں پودوں اور درختوں کی تعداد اور اقسام میں اضافہ کرتے ہوئے سرسبز و شاداب علاقے کو بڑھایا جا سکے۔ "
انہوں نے مزید کہا، "ماضی میں یہاں صرف زیتون، یوکلپٹس اور کھجور کے درخت پائے جاتے تھے لیکن ہم نے موسم کو مدنظر رکھتے ہوئے انواع و اقسام کے لگ بھگ 24,000 درخت جن میں کھجور، انگور، انجیر، بیر، سٹریس فروٹس اور دیگر پھل دار درخت شامل ہیں، یہاں لگائے ہیں۔ اس کے علاوہ وسیع و عریض سبزہ زار بھیبنائے جا رہے ہیں۔"
انہوں نے کہا، " اس منصوبے میں چھ فٹ بال اسٹیڈیم قائم کرنے کا کام جاری ہے، جس کا مقصد نوجوانوں کے لیے تفریحی مقامات کھولنا ہے، اس کے علاوہ والی بال کورٹس، گھڑ سواری کے میدان، اور ایک ٹریک جس کی لمبائی 2 کلومیٹرسے زائد ہے، بھی زیر تعمیر ہے۔ "
انہوں نے کہا، "گرین بیلٹ پراجیکٹ رقبہ، معیار اور سہولیات کے لحاظ سے کربلا میں اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ ہے۔ یہ خاندانوں کے لیے بیک وقت ایک تفریح گاہ اور کئی زرعی فصلوں کے لیے ایک پیداواری منصوبہ ہے۔"