روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے قرآن علمی کمپلیکس نے ’’أمير القرّاء الوطنيّ’’ پراجیکٹ کے نئے ایڈیشن کے آغاز کے لیے اپنی تمام تکنیکی اور لاجسٹک تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔
یہ پراجیکٹ قرآن علمی کمپلیکس سے منسلک قرآنی پروجیکٹس سنٹر کے زیر اہتمام منعقد کیا جاتا ہے۔
قرآنی پروجیکٹس سنٹر کے ڈائریکٹر سید حسنین الحلو نے نیوز سنٹر سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ’’أمير القرّاء الوطنيّ’’ پراجیکٹ کے نئے ایڈیشن کے آغاز کے لیے اپنی تمام تکنیکی اور لاجسٹک تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ پچھلے سالوں کے مقابلے میں اس سال ’أمير القرّاء الوطنيّ’’ پراجیکٹ کے نصاب میں معاون تعلیمی و تربیتی پروگراموں کا اضافہ کیا گیا ہے، یہ پروگرام علمی، ثقافتی اور تفریحی سرگرمیوں پر مشتمل ہیں۔"
روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے قرآن مرکز کی جانب سے ’’أمير القرّاء الوطنيّ’’ پراجیکٹ کے تحت موسم گرما کی تعطیلات کے دوران پرائمری اور مڈل سکول کے بچوں کو تلاوت قرآن پاک سکھانے اور دینی و قرآنی تعلیمات سے آگاہی فراہم کرنے کےلئے قرآن کورس کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ اس پروجیکٹ کے ضمن میں قرآن فہمی اور اسلامی تعلیمات کے فروغ اور بین الاقوامی سطح پر قاریان قرآن تیار کرنے کے لیے گذشتہ کئی سالوں سے مسلسل ایسے پروگراموں اور کورسز کا انعقاد کیا جارہا ہے۔