متاثرین کی امداد کے لئے قبیلہ الیسار الطائیہ نے غذائی سامان کی بہت بڑی مقدار روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے سپرد کی ہے......

روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی طرف سے مخیر افراد سے جو متاثرین کے امدادی کاموں میں مدد کی اپیل کی گئی تھی اسی کے تحت قبیلہ الیسار الطائیہ نے روضہ مبارک کو متاثرین کے لئے غذائی سامان کی 20 ٹن سے زیادہ مقدار میں فراہم کیا ہے.
قبیلہ الیسار الطائیہ کے سربراہ حمید صالح شبیب نے الکفیل نیٹ ورک کے نمائندے سے بات کرتے ہوئے بتایا ہے: ہم نے نجف میں موجود مذہبی سپریم لیڈر آیت اللہ العظمٰی سید علی حسینی سیستانی (دام ظلہ الوارف) کے اس فتوی پر عمل کرتے ہوئے ان متاثرین کے لئے اس غذائی سامان کا انتظام کیا ہے جو عالمی دہشت گردوں کے عراق کے بعض علاقوں پر قبضہ کرنے کی وجہ سے اپنے گھروں کو چھوڑ کر کربلا اور دوسرے شہروں میں آئے ہیں، قبیلہ الیسار الطائیہ کے سربراہ نے کہا کہ جیسا کہ ہم جانتے ہیں کہ کربلا تمام لوگوں کے لئے ایک وطن کی حیثیت رکھتا ہے اس لئے ہمارے پاس جو کوئی بھی آئے گا ہم اہل بیت علیھم السلام کے فرامین پر عمل پیرا ہوتے ہوئے اس کا استقبال کریں گے اور ہم جوار سید الشھداء حضرت امام حسین علیہ السلام میں رہ کر یہ شرف حاصل کرنا چاہتے ہیں کہ اہل بیت علیھم السلام کے چاہنے والوں کی ہر طرح سے خدمت کریں اور کربلا میں موجود تمام قبیلوں سے امید کرتے ہیں کہ وہ آنے والے لوگوں کا ہر طرح سے رہن سہن کا انتظام کریں گے اور ان کی تمام مشکلات کو بخوبی حل کریں گے.
اس بات کا ذکر کرتے چلیں کہ روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام نے متاثرین کے لئے ہر طرح کی سہولیات فراہم کرنے اور ان کی دیکھ بھال کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی ہوئی ہے جو ان متاثرین کو ہر طرح قسم کی سہولیات فراہم کر رہی ہے، ان متاثرین میں زیادہ تعداد خواتین، بچوں اور بوڑھے افراد کی ہے.
یہ بات واضح رہے کہ دہشت گردوں کے زیر قبضہ علاقوں میں سے جو متاثرین اپنے گھروں کو چھوڑ کر نکلے تھے ان کی بڑی تعداد کردستان کے شہر اربیل میں موجود ہے اور ان کو شیعہ علاقوں میں منتقل کرنے کے لئے ٹرانسپورٹ اور ہوائی سفر کی وزارت نے اربیل شہر سے مفت پروازیں چلائی ہیں.
روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام نے دہشت گردوں کے زیرِ کنٹرول علاقوں سے آنے والی عیسائی برادری کے لئے خاص طور پر کفالت کا اعلان کیا ہے اور ان کے لئے بہت سے خاص انتظامات بھی کئے ہیں تاکہ انہیں روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے زیرِ سایہ گھر جیسا ماحول میسر کیا جا سکے...
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: