روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے قرآن علمی کمپلیکس کی جانب سے موسم گرما کی تعطیلات کے دوران منعقد کئے جانے والے سمر قرآنی کورسز میں طلباء اور بچے فعال شرکت کرتے ہوئے اپنے فارغ اوقات کو بہترین انداز میں گزار رہے ہیں۔
انہی کورسز میں سے ایک کربلا کے العباس رہائشی کمپلیکس میں بھی منعقد کیا جا رہا ہے جس میں طلباء کی بھرپور شرکت جاری ہے۔ ان کورسز میں تعلیمی و تربیتی سرگرمیوں کے علاوہ غیر نصابی و تفریحی سرگرمیوں کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے جو ان کورسز میں طلباء کی دلچسپی میں مزید اضافے کا باعث ہیں اور ان کورسز کی افادیت کو بڑھاتی ہیں۔
اس پروجیکٹ میں طلباء اور ان کے پروفیسرز کے درمیان ایک زبردست ہم آہنگی کا بھی مشاہدہ کیا جا رہا ہے، کیونکہ اساتذہ غیر روایتی انداز میں نظریاتی اسباق کو عملی تجربات کے ذریعے پیش کر رہے ہیں۔
یہ پراجیکٹ، قرآن کمپلیکس سے منسلک قرآن انسٹی ٹیوٹ کے زیر نگرانی نور العباس اسکول میں محکمہ تعلیم اور العباس رہائشی کمپلیکس کی انتظامیہ کے تعاون سے منعقد کیا جا رہا ہے۔
سمر قرآنی کورسز میں بچوں کو قرآن کریم، عقائد، اخلاق، فقہ اور اہل بیت علیہم السلام کی سیرت و تعلیمات سے متعلق اسباق دیئے جا رہے ہیں۔ ان کورسز کے انعقاد کا مقصد بچوں کی تعطیلات کو علمی، قرآنی و ثقافتی اعتبار سے ثمر آور بنانا اور ایک ایسی نسل تیار کرنا ہے جو قرآنی تعلیمات اور آئمہ اطہار علیہم السلام ام کی فکر پر عمل پیرا ہوتے ہوئے ایک بہترین معاشرے کے قیام میں اپنا کردار ادا کر سکے۔