روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے وفد نے بغداد یونیورسٹی کے چانسلر اور اکیڈمک سٹاف کو بین الاقوامی ہفتہ امامت کے پہلے ایڈیشن کی سرگرمیوں میں شرکت کے لیے باضابطہ دعوت نامہ پیش کیا۔
روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی جانب سے پہلا بین الاقوامی ہفتہ امامت (نبوت و امامت لازم و ملزوم ہیں) کے سلوگن اور (امامت ہی ملک کا نظام ہے) کےعنوان سے منعقد کیا جا رہا ہے جس کی سرگرمیاں 6 سے 13 جولائی 2023 تک جاری رہیں گی، جن میں دنیا بھر سے محققین، ماہرین اور ممتازعلمی و دینی شخصیات شرکت کریں گی۔
روضہ مبارک کے وفد کے رکن اور شعبہ فکرو ثقافت کے شیخ حسین مناہی نے کہا کہ آج ہم نے بغداد یونیورسٹی کو بین الاقوامی ہفتہ امامت میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی ہے۔ ہم نےعراق کے تمام مقامات مقدسہ کو بھی ہفتہ امامت میں شرکت کے دعوت نامے بھیجے ہیں۔ اس کے علاوہ ہم نے ممتاز علمی، مذہبی اور سماجی شخصیات کو بھی اس ہفتہ امامت میں شرکت کے لئے مدعو کیا ہے۔
بغداد یونیورسٹی کے چانسلر پروفیسر ڈاکٹر منیر حمید السعدی نے کہا، " روضہ مبارک عباس (ع) کے وفد نے جمعرات کو منعقد ہونے والے پہلے بین الاقوامی ہفتہ امامت میں یونیورسٹی کے تمام اکیڈمک سٹاف کو شرکت کی دعوت دی ہے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ "ہفتہ امامت کی کانفرنسیں، علمی و تحقیقی سیشنز اور سفارشات ایک ایسا انسائیکلوپیڈیا تیار کریں گی، جو عرب اور غیر ملکی مسلمان محققین کو امامت کے موضوع پر مالا مال کرے گا۔"
روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے وفود نے نجف میں اعلی دینی قیادت و مراجع عظام کے دفاتر، دینی مدارس،عراق کی متعدد جامعات اور ممتاز ملکی و غیر ملکی شخصیات، ماہرین تعلیم اور محققین کو اس ہفتے کی سرگرمیوں میں شرکت کی دعوت دی ہے۔