روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے جنرل سیکرٹریٹ نے پہلے بین الاقوامی ہفتہ امامت میں شامل مقابلوں کے فاتحین کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔ ان مقابلوں کے فاتحین کے ناموں کا اعلان کرنے کے لئے خصوصی اجلاس منعقد کیا گیا تھا۔
العمید ایجوکیشنل کمپلیکس میں منعقد کئے جانے والے اس خصوصی اجلاس میں روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے سیکریٹری جنرل سید مصطفیٰ مرتضیٰ آل ضیاء الدین، مجلس ادارہ کے اراکین اور شعبوں کے سربراہان نے شرکت کی۔
پہلے بین الاقوامی ہفتہ امامت کی تقریبات میں سات ثقافتی اور فنی مقابلوں کا انعقاد شامل تھا، جو یہ ہیں: (مختصر فلم، نوجوانوں کے بصری فنون، شعر وشاعری، خطاطی، ادبی مضمون نویسی، فنی پوسٹس، مختصر ویڈیو کلپس، اور مختصر کہانی)۔
روضہ مبارک حضرت عباس (ع) کی جانب سے پہلا بین الاقوامی ہفتہ امامت (نبوت اور امامت جدا نہ ہونے والی دو شاخیں ہیں) کے نعرے اور (امامت ہی امت کا نظام ہے)کے عنوان سے منایا جا رہا ہے۔
پہلے بین الاقوامی ہفتہ امامت میں شامل مقابلوں کے فاتحین کو جیوری ٹیم کے علاوہ روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے سیکریٹری جنرل سید مصطفیٰ مرتضیٰ آل ضیاء الدین، بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اراکین سید جواد الحسناوی اور سید کاظم عبادہ، میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ سید علی البدری، شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ سید محمد علی اظہر اور ان کے معاون سید محمد جلوخان نے انعامات سے نوازا۔
واضح رہے کہ 6 سے 13 جولائی 2023 تک جاری رہنے والے اس ہفتۂ امامت میں سات کانفرنسز منعقد کی جا رہی ہیں کہ جن میں میں تیس سے زائد موضوعات پر گفتگو کی جائے گی کہ جن میں (قرآن، حدیث، فکر، عقاید، فقہ، اصول، سماج، تعلیم، نفسیات، لسانیات، ادب، تاریخ اور استشراق) سرفہرست ہیں، نیز علامات ظہور کے بارے میں کچھ نشستوں کا انعقاد کیا جائے گا۔