روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے خدام نے ایک بہت بڑی عزائی تقریب کے دوران آج بروز منگل مغرب کے بعد روضہ مبارک کے گنبد پر سارا سال لہرانے والے سرخ علم کو اتار کر سیاہ علم نصب کر دیا ہے کہ جو ایام عزاء اور ماہ محرم 1445ھ کی آمد کا رسمی اعلان ہے۔
سب سے پہلے عزاداروں کے جمع غفیر کی موجودگی میں روضہ مبارک امام حسین(ع) کے گنبد کے سرخ علم کو سیاہ علم کے ساتھ تبدیل کیا گیا۔
جس کے بعد عزاداروں کی نظریں روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی جانب مڑ گئيں کہ جہاں علم کی تبدیلی کے مراسم کے لیے باب قبلہ کے سامنے والے تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا
حزن وملال اور سوگ کے ماحول میں منعقد ہونے والی اس تقریب میں روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے متولی شرعی علامہ سید احمد صافی، روضہ مبارک کے اعلی انتظامی عہدیداران اور بڑی تعداد میں دینی، علمی، اکیڈمک اور حوزوی شخصیات نے شرکت کی۔
جب گنبد پر سیاہ علم بلند کیا جا رہا تھا اسی دوران مرکزی تقریب کے سٹیج کے ساتھ رمزی طور علامہ سید احمد صافی نے بھی سیاہ علم بلند کیا۔
جبکہ گنبد پر سرخ علم اتار کر سیاہ علم نصب کرنے کا شرف روضہ مبارک کے سیکرٹری جنرل سید مصطفیٰ مرتضیٰ آل ضیاء الدین کے حصہ میں آیا۔
تقریب کا آغاز کربلا کے مقدس روضوں کے قاری حیدر جلوخان نے تلاوت قرآن مجید سے کیا، اس کے بعد روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے متولی شرعی علامہ سید احمد صافی نے خطاب کیا جس میں انہوں نے عاشوارء کے احیاء پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عاشوراء کا احیاء امامت کا احیاء ہے لہذا مومنین کو چاہیے کہ وہ عاشورائی شعائر کا انعقاد کریں اور ان میں شرکت کریں۔
واضح رہے کہ علم کی تبدیلی کی تقریب کا باقاعدہ آغاز صدام ملعون کی حکومت کے خاتمے کے بعد سن 2004ء میں شروع کیا گیا کہ جو اس وقت کربلا کے روضوں میں منعقد ہونے والی اہم ترین تقریب کی شکل اختیار کر چکی ہے۔