حسب روایت عشرہ محرم کے احیاء اور عزاداری کے قیام کے لئے کربلا کے مقامات مقدسہ میں عزائی تقریبات کا انعقاد اور ماتمی جلوسوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے اور آج تین محرم الحرام کو علی الصبح ہی روضہ مبارک حضرت امام حسین علیہ السلام اور حضرت عباس علیہ السلام میں کربلا کے زنجیر زنی اور عزائی جلوسوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔
شدید گرمی کے باوجود شہر کے مضافات سے برآمد ہونے والے ان جلوسوں میں ہزاروں عزادار کالے علم اٹھائے ، شکستہ دلوں اور بہتی آنکھوں کے ساتھ شرکت کر رہے ہیں۔ لبیک یا حسین کی بلند آوازوں میں نواسہ رسول امام حسین بن علی علیہ السلام کی مصیبت پر گریہ و زاری کرتے ہوئے یہ عزاداران حسین اہل بیت علیہم السلام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے باطل کی طاغوتی قوتوں کو للکار رہے ہیں۔ یہ جلوس روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام میں باب قبلہ سے داخل ہوتے ہیں اور باب امام حسن علیہ السلام سے گزر کر بین الحرمیں سے ہوتے ہوئے روضہ مبارک امام حسین علیہ السلام پر اختتام پذیر ہوتے ہیں۔
کربلا کے دونوں مقامات مقدسہ سے وابستہ شعبہ شعائر حسینی و مواکب حسینی کے سربراہ سید عاقل عبدالحسین الیاسری نے الکفیل نیٹ ورک کو بتایا: "مراسم عزاء کے احیاء کے لئے مقامات مقدسہ میں ماتمی جلوسوں کی آمد اور برآمدگی ایک قدیم روایت ہے اور اہل کربلا اس کی ابتداء یکم محرم کی صبح ماتمی جلوسوں کی برآمدگی سے کرتے ہیں جو دس محرم تک جاری رہتے ہیں۔ "
انہوں نے مزید کہا کہ جلوسوں کی نقل و حرکت ایک منظم منصوبے کے مطابق ہوتی ہے، ہر جلوس کا راستہ اور وقت پہلے سے مقرر ہوتا ہے۔ یہ جلوس روضہ مبارک ابی الفضل العباس علیہ السلام میں باب قبلہ سے داخل ہوتے ہیں اور باب امام حسن علیہ السلام سے گزر کر بین الحرمیں سے ہوتے ہوئے روضہ مبارک امام حسین علیہ السلام پر اختتام پذیر ہوتے ہیں۔"
انہوں نے بتایا کہ، "ہمارے شعبے کی جانب سے مراسم عزاء کے احیاء، عزائی تقریبات کے انعقاد اور ماتمی جلوسوں کی برآمدگی کے لئے تیاریوں کا سلسلہ موسم حزن وغم کی آمد سے بہت پہلے ہی شروع کر دیا گیا تھا۔ ہمارے شعبے کا عملہ ہر جلوس کے شروع ہونے سے لے کر اختتام تک اس کے ساتھ ہوتا ہے، تاکہ ایک پرسکون اور محفوظ ماحول میں مراسم عزا کی ادادئیگی کو ممکن بنایا جا سکے ۔"