روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے قرآن کمپلیکس کی جانب سےعاشورہ محرم کے احیاء، سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام ان کے اہل و عیال اور ساتھیوں کی شہادت کی یاد اور قرآنی ثقافت کے فروغ کے لئے قرآنی و عزائی اجتماعات کا انعقاد کیا جا رہا ہے جن میں نامور قاریان قرآن شرکت کرتے ہوئے تلاوت قرآن مجید کی سعادت حاصل کرتے ہیں۔ یہ اجتماعات روضہ مبارک اور اس سے منسلک کئی دیگر سائٹس پر ایک مرتب کردہ شیڈیول کے مطابق منعقد کئے جا رہے ہیں۔
کمپلیکس سے منسلک سینٹر فار قرآنی پروجیکٹس کے ڈائریکٹر سید حسنین الحلو نے کہا: "مرکز کے اساتذہ اور طلباء عاشورہ محرم کے احیاء، سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام ان کے اہل و عیال اور ساتھیوں کی شہادت کی یاد اور قرآنی ثقافت کے فروغ کے لئے کئی دیگر مقامات پر عزائی و قرآنی مجالس کے علاوہ ہر روز صبح و شام حرم مقدس میں بھی عزائی و قرآنی اجتماعات منعقد کر رہے ہیں۔"
انہوں نے کہا کہ، "ان مجالس عزاء کا آغاز قرآن کمپلیکس کے قاریان تلاوت قرآن کریم کی سعادت سے کرتے ہیں کیونکہ ان حسینی اجتماعات میں زائرین و عزاداران حسین کی بڑی تعداد شرکت کرتی ہے اور یہ بابرکت مجالس تلاوت قرآن سننے کے کلچر کو فروغ دینے کا بہترین ذریعہ ہیں۔"
انہوں نے مزید کہا، "روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام ان مذہبی اداروں میں سے ایک ہے جو ان بابرکت اجتماعات کے قیام میں اہم کردار ادا کرتا ہے اور اس کے قاریان حسینی مجالس میں قرآن کریم کی تلاوت کا کلچر متعارف کروا رہے ہیں۔"