روضہ مبارک حضرت عباس (ع) کے شعبہ فکرو ثقافت سے منسلک سنٹر فار افریقن سٹڈیز کی جانب سے عشرہ محرم کی مناسبت سے نائیجیریا کی ریاست کدونا کے شہر نصروا کے امام الصادق علیہ السلام اسکول میں عزائی اجتماعات کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔
سنٹر فار افریقن سٹڈیز کے ڈائریکٹر شیخ سعد ستار الشمری نے کہا کہ عشرہ محرم کی مناسبت سے منعقد کی جانے والی ان عزائی مجالس میں مومنین کی بڑی تعداد شرکت کر رہی ہے جبکہ حسینی مبلغ شیخ ابراہیم موسیٰ ان مجلس سے خطاب کرتے ہوئے مسلمانوں کے لیے حسینی مجالس کے قیام کی اہمیت اور ان سے مذہبی، نظریاتی، اخلاقی اور علمی سطح پر استفادہ کرنے کے طریقوں کے بارے میں بات کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا، "عشرہ محرم کے احیاء کے لئے سنٹر فار افریقن سٹڈیز کی جانب سے مختلف افریقی ممالک میں عزائی مجالس کا انعقاد کیا جا رہا ہے اور سنٹر فار افریقن سٹڈیز کے مبلغین افریقی براعظم میں امام حسین علیہ السلام کے پیغام کو پھیلانے اور حسینی مراسم کو زندہ کرنے کے لیے ایک مربوط اور جامع انداز میں لیکچرز کا انعقاد کر رہے ہیں۔ "
انہوں نے کہا کہ ان لیکچرزکے انعقاد کا مقصد افریقی کمیونٹی کو مذہبی، ثقافتی اور نظریاتی طور پر حقیقی اسلام اور اہل بیت علیہم السلام کی سیرت اور فکر سے آگاہ کرنا ہے۔