سویڈن میں قرآن مجید کے نذر آتش کرنے کے بدترین جرم کے حوالے سے اعلی دینی قیادت آیت اللہ العظمی سید علی حسینی سیستانی (دام ظلہ) کے مذمتی خط کے بعد اقوام متحدہ نے مختلف مذاہب اور ثقافتوں کے درمیان پرامن بقاء باہمی، اور نفرت انگیز افعال کے مقابلے کی خاطر، تبادلہ خیال کرنے کے لیے، اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اعلیٰ دینی قیادت آیت اللہ العظمی سید علی سیستانی (دام ظلہ) نے کچھ عرصہ قبل سویڈن میں قرآن مجید کو نذر آتش کرنے کے جرم کی شدید مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ اس قسم کے جرائم کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق انہوں نے اعلی دینی قیادت سید علی حسینی سیستانی کا خط موصول ہونے کی تصدیق کی اور کہا کہ ہم اس واقعہ اور اس کے بعد عراق اور اسلامی دنیا میں ظاہر ہونے والے ردعمل کا جائزہ لے رہے ہیں اور اس گھناؤنے فعل کی مذمت کرتے ہیں۔