سات محرم کی شام اور آٹھ محرم کی رات میں جلوس عزاء جناب قاسم(ع) کی شہادت کو یاد کر رہے ہیں

کربلا کے المناک واقعات کو یاد کرنے اور خاندان رسالت پہ ڈھائے جانے والے افسوس ناک مظالم پہ غم وحزن کے اظہار کے لیے مقامات مقدسہ کربلا میں عزاداری اور ماتمی جلوسوں کی آمد کا سلسلہ دن رات جاری ہے۔ کربلا کی داخلی سڑکیں، راستے اور مقامات مقدسہ ان عزائی جلوسوں کی آمد کے شاہد بنے ہوئے ہیں۔

روضہ مبارک حضرت امام حسین(ع) اور روضہ مبارک حضرت عباس(ع) میں سات محرم کی شام اور آٹھ محرم کی رات کو آنے والے جلوس عزاء جناب قاسم بن امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام کی شہادت کو یاد کر رہے ہیں۔

جلوس میں شامل عزادار حضرت قاسم(ع) سے منسوب رات میں سفید کپڑے پہن کر ہاتھوں میں شمعیں اور موم بتیاں لیے ہوئے کربلا کے مقدس روضوں میں پہنچ رہے ہیں اور کم عمری کے باوجود حضرت قاسم(ع) کی شجاعت و بہادری اور سیرت و معرفت اور حضرت امام حسین(ع) کی سربراہی میں اسلام کی خاطر دی جانے والی قربانیوں کا ذکر کر رہے ہیں۔

اہل کربلا کی جانب سے مراسم عزاء کے احیاء کے لئے مقامات مقدسہ میں ماتمی جلوسوں کی آمد اور برآمدگی ایک قدیم روایت ہے جس کی ابتداء یکم محرم کی صبح ماتمی جلوسوں کی برآمدگی سے ہوتی ہے جو دس محرم تک جاری رہتے ہیں۔

کربلا کے دونوں مقامات مقدسہ سے وابستہ شعبہ شعائر حسینی و مواکب حسینی کی جانب سے مراسم عزاء کے احیاء اور ماتمی جلوسوں کی برآمدگی کے لئے تیاریوں کا سلسلہ موسم حزن وغم کی آمد سے بہت پہلے ہی شروع کر دیا جاتا ہے۔ جلوسوں کی نقل و حرکت ایک منظم منصوبے کے مطابق ہوتی ہے، ہر جلوس کا راستہ اور وقت پہلے سے مقرر ہوتا ہے۔ شعبہ شعائر حسینی و مواکب حسینی کا عملہ ہر جلوس کے شروع ہونے سے لے کر اختتام تک اس کے ساتھ ہوتا ہے، تاکہ ایک پرسکون اور محفوظ ماحول میں مراسم عزا کی ادادئیگی کو ممکن بنایا جا سکے۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: