اس ماتمی جلوس میں روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے سیکرٹری جنرل سید مصطفی مرتضی آل ضیاء الدین اور کربلا کے مقدس روضوں میں نسل در نسل خدمت کا شرف حاصل کرنے والے خاندانوں کے بزرگوں، جوانوں اور بچوں نے شرکت کی۔
اس جلوس عزاء کے منتظم سید یوسف شروفی آل طعمہ نے بتایا کہ شب عاشور میں برآمد ہونے والے اس جلوس عزاء میں شریک عزاداروں نے اپنا روایتی لباس پہن رکھا تھا یہ جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا روضہ مبارک حضرت عباس(ع) میں حاضری کے لیے داخل ہوا اور پھر کچھ دیر ماتم داری کرنے کے بعد ما بین الحرمین سے ہوتا ہوا روضہ مبارک امام حسین(ع) میں پہنچ کر اختتام پذیر ہو گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ روزِ عاشور میں بھی ایک بار پھر سادۃ الخدم کا جلوس عزاء برآمد ہو گا جو مذکورہ بالا راستے سے ہوا خیام حسینی پہنچے گا اور وہیں اختتام پذیر ہو گا، جبکہ گیارہ محرم کو سادۃ الخدم کا جلوس عزاء امیر المومنین(ع) کو ان کے بیٹوں کی شہادت کا پرسہ پیش کرنے اور جناب زینب(ع) کی اسیری اور کوفہ و شام میں پابند رسن لے جائے جانے پر اظہارِ حزن وافسوس کے لیے نجف اشرف میں جلوس عزاء برآمد کریں گے۔
واضح رہے کہ عراق اور پوری دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے دسیوں لاکھ عزادار امام حسین(ع) اور ان کے اہل بیت(ع) و انصار کی شہادت کا پرسہ پیش کرنے کے لیے کربلا میں موجود ہیں۔