بصرہ گورنریٹ میں موجود نیوز سنٹر کے نمائندے نے بتایا ہے کہ زائرین کا جمع غفیر گزشتہ روز (اتوار) سے ہی بصرہ کے شمال میں واقع نواحی شہر قرنہ میں پہنچنا شروع ہو گیا تھا، ان میں ایک بہت بڑی تعداد ان زائرین کی ہے کہ جو آخری جنوبی آبادی رأس البيشة سے (278) کلومیٹر کا فاصلہ پیدل طے کر کے یہاں پہنچے ہیں ان سب کی اصل منزل یہاں سے تقریباً (441 کلومیٹر) کے فاصلے پر کربلا ہے کہ جہاں پہنچنے کے لیے وہ پیدل ہی اپنے گھروں سے نکلے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا ہے کہ راستے کے دونوں طرف اہل علاقہ نے مواکب لگائے ہوئے ہیں جہاں کھانے پینے اور آرام کرنے کے وسیع انتظامات کیے گئے ہیں اس کے علاوہ لوگوں نے زائرین اربعین کے لیے اپنے گھروں، امام بارگاہوں اور مساجد کے دروازے کھول رکھے ہیں جہاں اہل قرنہ زائرینِ اربعین کی خدمت کے لیے ان کے قدموں تلے پلکیں بچھا رہے ہیں۔
نیوز سنٹر کے نمائندے نے بتایا ہے کہ اس علاقہ کے رہنے والوں کی یہ رسمِ خدمت و عزاء چلی آ رہی ہے وہ اپنے علاقے سے گزرنے والے زائرینِ امام حسین(ع) کی ہر ممکن خدمت کے لیے دن رات ایک کر دیتے ہیں اور جب زائرین ان کے علاقے سے گزر کر آگے بڑھ جاتے ہیں تو وہ بھی اپنے اہل وعیال کے ساتھ کربلا کی طرف پیدل چل پڑتے ہیں اور اس عظیم حسینی قافلہ کا حصہ بن جاتے ہیں۔