روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے متولی شرعی علامہ سید احمد صافی نے آج ابی الفضل العباس(ع) کمپلکس برائے خدماتِ زائرین کا دورہ کیا اور وہاں اربعین کی تیاریوں کا جائزہ لیا
علامہ سید صافی نے مجلس ادارہ کے ارکان اور پروجیکٹس سیکشن کے انجینئروں کی ٹیم کے ہمراہ کمپلیکس کے مختلف حصوں کا وزٹ کیا۔
مجلس ادارہ کے رکن اور کمپلیکس کے انچارج سید جواد حسناوی نے کہا ہے کہ روضہ مبارک کے متولی شرعی نے زیارت اربعین اور زائرین کے استقبال کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے آج ابی الفضل العباس(ع) کمپلکس برائے خدماتِ زائرین کا دورہ کیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ روضہ مبارک نے حال ہی میں ایک توسیعی منصوبہ کے تحت کمپلیکس کے بہت سے ملحقہ حصوں کو مکمل کیا ہے اور زائرین کی زیادہ سے زیادہ تعداد کی گنجائش کے لیے نئے ہالز اور مختلف سروسز یونٹس کا اضافہ کیا ہے۔
حسناوی کے بقول امید ہے کہ یہ کمپلیکس آنے والے دنوں میں زائرین کو اپنی خدمات فراہم کرنا شروع کر دے گا، اس کمپلیکس کے دو حصے ہیں، ایک مردوں کے لیے اور دوسرا خواتین کے لیے مختص کیا گيا ہے، اس کے علاوہ یہاں ایک ہسپتال بھی ہے کہ جس میں متعدد ایمرجنسی وارڈز اور فارمیسی یونٹس شامل ہیں۔
کمپلیکس کا اجمالی رقبہ (15) دونم ہے، جس میں 15000 مربع میٹر پر ہالز اور 600 مربع میٹر پر ہیلتھ سنٹر اور 2000 مربع میٹر واش رومز وغیرہ ہیں۔