الکفیل یونیورسٹی نجف اشرف اور کربلا میں تین مختلف مقامات پر اپنے مواکب میں زائرینِ اربعین کو خدمات کی فراہمی جاری رکھے ہوئے ہے۔
مواکب کے منتظم سید محمد موسوی نے کہا ہے کہ الکفیل یونیورسٹی نے کربلا کی طرف پیدل جانے والے زائرینِ اربعین کے راستے میں تین مقامات پر مواکب لگائے ہیں جن میں سے پہلا کوفہ میں جناب میثم تمار(رض) کے مزار کے قریب واقع ہے، دوسرا نجف - کربلا روڈ پر ستون نمبر (23) پر نجف اشرف میں ہے اور تیسرا موکب نجف - کربلا روڈ پر ستون نمبر (1422) کے قریب کربلا میں ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کوفہ لگایا گیا یونیورسٹی کا موکب زائرین کے لیے آرام، کھانے پینے اور میڈیکل کی خدمات فراہم کر رہا ہے، اس میں شرعی سوالات کے جوابات کے حصول اور نماز میں پڑھی جانے والی سورتوں کی قرأت کی تصحیح کے لیے بھی کاؤنٹر بنائے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ الکفیل یونیورسٹی روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی سرپرستی میں ہر سال امام حسین(ع) کے چہلم کے احیاء اور زائرین اربعین کی خدمت میں بھرپور شرکت کرتی ہے۔