روضہ مبارک حضرت عباس (ع) کے شعبہ فکرو ثقافت نے تصدیق کی ہے کہ ایام اربعین کے دوران بین الالقوامی ثقافتی موکب کی جانب سے فراہم کردہ خدمات سے 11,000 سے زائد زائرین مستفید ہوئے۔
یہ ثقافتی موکب شعبہ فکرو ثقافت سے وابستہ الکفیل سکاؤٹس ایسوسی ایشن کے زیر نگرانی لگایا گیا تھا۔
ایسوسی ایشن کے کیمپس ڈویژن کے سربراہ ڈاکٹر زمان الکنانی نے کہا، “ایسوسی ایشن کی جانب سے بین الاقوامی ثقافتی موکب کی ثقافتی اور خدماتی سرگرمیاں اختتام پذیر ہو چکی ہیں۔ یہ موکب زائرین اربعین کے راستے (نجف - کربلا) روڈ پر واقع ابو الفضل العباس کمپلیکس میں قائم کیا گیا تھا۔ اس موکب کے ذریعے زائرین اربعین کو متعدد فکری و ثقافتی خدمات فراہم کی گئیں تھیں۔“
انہوں نے مزید کہا کہ "اس سال ایام اربعین کے دوران عالمی ثقافتی موکب کی جانب سے فراہم کردہ خدمات سے 11,000 سے زائد زائرین نے استفادہ کیا جن میں زیادہ تر نوجوان مرد اور خواتین شامل تھیں۔"
انہوں نے کہا کہ اس موکب میں متعدد خصوصی اور عمومی ثقافتی اسٹیشنز قائم کئے گئے تھے جنہوں نے نوجوان لڑکے اور لڑکیوں سمیت عام زائرین کے لیے تعلیمی، عقائدی اور اخلاقی اقدار و تصورات کے علاوہ... میڈیا کی آگاہی، ثقافتی اور فکری بصیرت، اور اسلامی ثقافتی شناخت جیسے اہم موضوعات پر لیکچرز و ورکشاپس کا اہتمام کیا تھا۔
انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ موکب کی اہم سرگرمیوں میں (کاش میں نے اپنی جان دے دی ہوتی) کے عنوان سے ایک تعلیمی لیکچر، سوشل میڈیا کے بارے میں حقائق اور استعمال پر ایک ورکشاپ، دستاویزی فلمز کے کلپس دکھانا، زیارت اربعین کے حوالے سے تھیٹر پرفارمنس اور حسینی وثقافتی ترانے اور نظمیں شامل تھیں۔
انہوں نے کہا کہ غیر ملکی زائرین کے لیے انگریزی اور فارسی زبان میں اسٹیشنز قائم کئے گئے تھے۔ موکب کے دیگر سروس اسٹیشنز میں قرآنی اجتماعات کا اہتمام بھی شامل تھا جہاں نماز باجماعت سے پہلے کچھ اخلاقی اور فقہی دروس بھی دیئے جاتے تھے۔