عید تو ہر جگہ منائی جاتی ہے لیکن جو سرور اور مسرت سید الشھدا امام حسین علیہ السلام کے جوار میں منانے کا ہے وہ کسی اور جگہ میسر نہیں ہو سکتا، مفضل بن عمر سے روایت ہے کہ امام جعفر صادق علیہ السلام نے مجھ سے فرمایا:
’’جب روز قیامت ہو گا تو چار دن اس طرح اللہ کی بارگاہ میں پیش ہونگے جس طرح ایک دلہن کو پیش کیا جاتا ہے اور وہ چار دن عید الفطر، عید الاضحی، جمعۃ المبارک اور عید غدیر ہیں‘‘۔
حضرت امام حسین علیہ السلام اور حضرت عباس علیہ السلام کے جوار میں زائرین کرام جب عید مناتے ہیں تو ان کی خوشی کو الفاظ میں بیان کرنا اور پیش کرنا ناممکن ہے....
بروز اتوار 10 ذی الحجہ 1435ھ بمطابق 5 اکتوبر 2014ء کو امام حسین علیہ السلام کے روضہ مبارک کے صحن عقیلہ زینب سلام اللہ علیھا میں باجماعت نمازِ عید پڑھی گئی۔ اس کے علاوہ آنے والے زائرین کی کثرت کو مد نظر رکھتے ہوئے امام حسین علیہ السلام اور حضرت عباس علیہ السلام کے روضہ مبارک میں مختلف مقامات پر متعدد بار نمازِ عید پڑھائی گئی۔
روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے ادارہ نے عرفہ اور عید کے دن عراق اور دوسرے ممالک سے لاکھوں کی تعداد میں آنے والے زائرین کی خدمت کے لیے پہلے سے تشکیل شدہ پروگرام کے تحت اپنے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا اور ہر ممکن طریقہ سے ان کے لیے مطلوبہ سہولیات اور وسائل کو مہیا کیا عراق کے علاوہ .....سے آئے ہوئے لاکھوں زائرین نے عرفہ اور عید کے دن امام حسین علیہ السلام اور حضرت عباس علیہ السلام کے روضہ مبارک کی زیارت کا شرف حاصل کیا۔
عراق کے علاوہ دوسرے ممالک سے زائرین کرام کی بہت بڑی تعداد عرفہ اور عید کے دن امام حسین علیہ السلام کی زیارت کا شرف حاصل کرنے کے لیے مسلسل کربلا آ رہی ہے۔
یہ بات واضح رہے کہ حضرت امام حسین علیہ السلام اور حضرت عباس علیہ السلام کے روضہ مبارک کے ادارہ کی طرف سے اس موقع پر بہت سے انتظامات کیے گئے ہیں اور زائرین کرام کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ہر ممکن طریقہ سے اقدامات کیے گئے ہیں تا کہ عرفہ کی زیارت کے لیے آنے والے زائرین کرام آرام و سکون سے اپنی عبادتی رسوم کو ادا کر سکیں۔