روضہ مبارک امام حسین(ع) کے سیکرٹری جنرل کے مشیر سید فاضل عوز نے کہا کہ کربلا کا شہر اور خاص طور پر روضہ مبارک امام حسین(ع) اور روضہ مبارک حضرت عباس(ع) ماہ محرم کی پہلی رات سے ہزاروں ماتمی جلوسوں کا استقبال کر رہے ہیں اور مراسمِ اربعین کے اختتام کے بعد آج ہم رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کا یوم شہادت منا رہے ہیں، اس مناسبت سے امام حسین (علیہ السلام) اور حضرت عباس (علیہ السلام) کو تعزیت وپرسہ پیش کرنے کے لیے بہت سے ماتمی جلوس برآمد ہوئے کہ جن میں دونوں مقدس روضوں کے خدام کا ماتمی جلوس بھی شامل ہے۔
اس ماتمی جلوس کا آغاز روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے اندرونی صحن سے ہوا، دونوں مقدس روضوں کے صف آراء خدام ما بین الحرمین کے ایریا سے ہوتے ہوئے روضہ مبارک امام حسین(ع) میں پہنچے کہ جہاں انھوں نے اس المناک سانحہ پر امام حسین (علیہ السلام) کو پرسہ پیش کیا۔
اس ماتمی جلوس کا اختتام روضہ مبارک امام حسین(ع) میں مجلس عزاء پر ہوا کہ جس میں دونوں مقدس روضوں کے خدام اور زائرین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔