ماہ محرم اور ماہ صفر کے اختتام پر بروز ہفتہ یکم ربیع الاول 1445 ہجری بمطابق ( 16 ستمبر 2023) کو روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے گنبد پر یکم محرم کی رات نصب کیا گیا سیاہ علم اتار کر پھر سے سرخ علم لگا دیا گیا ہے۔
علم کشائی کی اس تقریب میں روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے جنرل سیکریٹری سید مصطفی مرتضیٰ آل ضیاء الدین اور روضہ مبارک کے خدام نے بھی شرکت کی۔
واضح رہے کہ حضرت امام حسین علیہ السلام اور حضرت عباس علیہ السلام کے روضہ مبارک کے گنبدوں پر سارا سال سرخ علم لہراتے ہیں اور یہ سرخ علم اس بات کی علامت ہیں کہ یہ وہ مقتول ہیں کہ جن کے خون کا انتقام لینا باقی ہے خدا کا وعدہ ہے کہ امام زمانہ(عج) اپنے ظہور کے بعد امام حسین(ع) اور شہداء کربلا کے قاتلوں سے ان کے ہر ظلم و ستم کا بدلہ لیں گے تمام مومنین ہر وقت امام زمانہ کے ظہور کی دعا کرتے ہیں تاکہ ان کے ساتھ مل کر امام حسین علیہ السلام اور شہداء کربلا کے قاتلوں سے بدلہ لیا جائے اور پوری دنیا کو انسانیت کے دشمنوں سے پاک کر دیا جائے تاکہ پوری انسانیت سکون اور سعادت کی زندگی گزار سکے۔
جبکہ ہر سال محرم کے شروع ہوتے ہی حضرت امام حسین علیہ السلام اور حضرت عباس علیہ السلام کے روضہ مبارک کے گنبدوں پر سارا سال لہرانے والے سرخ علموں کو اتار کر ان کی جگہ سیاہ علم نصب کر دئیے جاتے ہیں کہ جو حزن و ملال اور سوگ اور ایام عزاء کی علامت ہیں۔