اس سالانہ نمائش کا افتتاح عراق کے وزیر اعظم، اعلی سرکاری اور علمی شخصیات، مصنفین اور وزیٹرز کی موجودگی میں کیا گیا۔ اس بین الاقوامی نمائش میں (500) سے زیادہ مقامی ، عرب اور غیر ملکی پبلشنگ ہاؤسز شرکت کر رہے ہیں۔
اس نمائش میں شعبہ فکرو ثقافت اورشعبہ معارف اسلامی وانسانی روضہ مبارک کی نمائندگی کرتے ہوئے بھرپور شرکت کر رہے ہیں۔ روضہ مبارک کی جانب سے بچوں کے لیے ایک خصوصی پویلین بھی بنایا گیا ہے، جس میں میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے جاری کردہ کہانیوں اور رسالوں کو نمائش کے لئے پیش کیا گیا ہے۔
اس شرکت کے بارے میں نمائش یونٹ کے سربراہ سيّد محمد الأعرجي نے الکفیل نیٹ ورک سے بات کرتے ہوئے کہا، "ہماری اس نمائش میں شرکت عراق کے اندر اور باہر منعقد کی جانے والی بین الاقوامی اور مقامی نمائشوں میں شرکت کا تسلسل ہے۔"
انہوں نےکہا کہ حرم مقدس کے شعبہ جات اس بات کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل کام کر رہے ہیں کہ نمائش میں ان کی شرکت ممتاز ہو کیونکہ روضہ مبارک کا پویلین وزیٹرز کے لئے نہ صرف ایک علمی، فکری اور ثقافتی اسٹیشن ہے بلکہ ایک روحانی جگہ بھی ہے۔
انہوں نے مزید کہا، "اس نمائش میں روضہ مبارک حضرت عباس (ع) کی جانب سے(760) سے زیادہ فکری و ثقافتی موضوعات پر مشتمل کتابیں ، رسالے اور فنون لطیفہ سمیت ثقافتی ورثہ سے متعلق متعدد کام نمائش کے لئے پیش کئے گئے ہیں۔"
انہوں نے کہاکہ "روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے پویلین کی نمایاں خصوصیت جو اسے نمائش کے دیگر حصوں سے ممتاز کرتی ہے وہ اس کی فکر ، ثقافت ، تاریخ ، مذہب اور ورثہ کے موضوعات پر مشتمل جدید اور متنوع اشاعتیں ہیں جو تحقیق اور تحریر سے لیکر اشاعت تک پوری طرح سے روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی تیار کردہ ہیں اور یہ اہم نکتہ اس نمائش میں ہماری موجودگی دوسرے ناشروں سے مختلف بناتا ہے۔"