روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے شعبہ فکرو ثقافت کی جانب سے دینی علوم کے افریقی طلباء جو نجف اشرف میں زیر تعلیم ہیں، کے لئے بابل گورنریٹ میں متعدد مقدس مزارات، تاریخی مقامات اور آثار قدیمہ کو دیکھنے کے لئے ایک ثقافتی دورے کا اہتمام کیا گیا۔
اس دورے کا اہتمام شعبہ فکرو ثقافت سے وابستہ سنٹر فار افریقن اسٹڈیز نے کیا تھا۔ اس دورے میں سنٹر فار افریقن اسٹڈیز کا وفد بھی دینی علوم کے افریقی طلباء کے ہمراہ تھا۔ طلباء نے اس دورے کے دوران حضرت ایوب علیہ السلام کے مزار اور عمران بن امام علی علیہ السلام کے مزار کی زیارت کی۔ اس کے علاوہ طلباء نے قدیم شہر بابل کے کھنڈرات دیکھے اور حلہ میوزیم، مرکزی لائبریری حلہ اور علامہ حلی سپیشلائزڈ سنٹر کا دورہ بھی کیا۔
مرکز کے ڈائریکٹر شیخ سعد ستار الشمری نے کہا کہ یہ مرکز افریقی مذہبی اسکالرز کے لیے بہت سی سرگرمیاں اور پروگرام منعقد کرتا ہے۔ عراق میں مقیم افریقی کمیونٹیز کو اپنی تاریخ سے متعارف کروانے اورعراق میں مزارات اور آثار قدیمہ کا دورہ کرنے کے لیے ہم نے ایک گروپ ٹور کا اہتمام کیا تھا جس میں افریقی ممالک گھانا، تنزانیہ، نائجر، نائیجیریا، برکینا فاسو اور کینیا کے مذہبی علوم کے طلباء کی ایک بڑی تعداد شامل تھی۔
انہوں نے کہا، "یہ دورہ عراق میں افریقی کمیونٹیز کے ساتھ رابطے کے لیے مرکز کے جاری پروگرام کے تحت منعقد کیا گیا ہے اور طلباء کی طرف سے اس پروگرام کو خوب پذیرائی ملی ہے کیونکہ ان میں سے اکثر کے لیے انفرادی طور پر مقدس مقامات اور تاریخی آثار کا دورہ کرنا مشکل ہے۔"
اس دورے میں شریک افریقی طلباء نے سینٹر فار افریقن اسٹڈیز کی طرف سے فراہم کی جانے والی انسانی اور ثقافتی دیکھ بھال اور ان کے ساتھ مسلسل رابطے کی تعریف کی۔