روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے الکفیل ہسپتال نے اعلان کیا کہ الکفیل ہسپتال کی سرجیکل ٹیم نے سلیمانیہ گورنریٹ کے انور شیخہ ہسپتال میں بچوں کے دل کے آپریشن شروع کردیئے ہیں۔
ہسپتال میں کارڈیک سرجری کے شعبہ کے سربراہ ڈاکٹر احمد عبودی نے کہا کہ "پیڈیاٹرک کارڈیو ویسکولر سرجری میں مہارت رکھنے والی ہماری ٹیم نے انور شیخہ ہسپتال میں دل کی پیدائشی خرابیوں میں مبتلا متعدد بچوں کی اوپن ہارٹ سرجریز کی ہیں"۔
انہوں نے مزید کہا کہ "یہ آپریشنز انور شیخہ ہسپتال کے ساتھ مشترکہ تعاون کے معاہدے کے تحت کئے گئے ہیں۔ اس معاہدے کے تحت انور شیخہ ہسپتال کی کارڈیک سرجری ٹیم کو ہمارے ہسپتال میں تربیت دی جائے گی، اور الکفیل ہسپتال کی سرجیکل ٹیم انور شیخہ ہسپتال میں بچوں کے دل کے آپریشن بھی کرے گی۔ اس کے علاوہ دیگر طبی اور تکنیکی شعبوں میں بھی مشترکہ تعاون کے تحت متعدد پروگرام شروع کئے جائیں گے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ "ہمارے کنسلٹنگ کلینک نے گزشتہ دو دنوں کے دوران انور شیخہ ہسپتال میں پیدائشی طور پر دل کی خرابی کے ساتھ متعدد بچوں کو دیکھا ہے، اور ہم سلیمانیہ کے دو بچوں اور کرکوک کے دو دیگر بچوں کے آپریشن کا پہلا گروپ کریں گے۔"
انہوں نے کہا، "ہماری سرجیکل ٹیم اور ان کی معاون ٹیم جو اینستھیزیا، مصنوعی دل کی مشین آپریٹ کرنے، انتہائی نگہداشت اور نرسنگ میں مہارت رکھتی ہے، کو گورنریٹ کو روانہ کر دیا گیا ہے، اور یہ کیسز ان کی مکمل نگرانی میں رہیں گے جب تک کہ ان کی طبی حالت مستحکم نہیں ہو جاتی۔ "