روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے قرآن علمی کمپلیکس نے قرآنی رسم الخط میں دلچسپی رکھنے والے افراد اور ماہرین کی ایک بڑی تعداد کی موجودگی میں ڈیجیٹل فونٹ (الکفیل - نسخ) کا اجراء کیا ہے۔
ڈیجیٹل فونٹ (الکفیل - نسخ) کی تقریب رونمائی میں روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے دو ممبران ڈاکٹر عباس الدادا الموسوی اور سید جواد الحسناوی، قرآن علمی کمپلیکس کے صدر ڈاکٹر مشتاق العلی، شعبہ ترقی اور پائیدار ترقی کے سربراہ ڈاکٹر محمد حسن جابر، شعبہ فکرو ثقافت کے سربراہ جناب عقیل الیاسری اور شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ جناب محمد علی اظہر سمیت حرم مقدس کے متعدد ہائر افیشلز اور عربی خطاطی میں دلچسپی رکھنے والے ماہرین تعلیم نے شرکت کی۔
روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے امام حسن ہال میں منعقد ہونے والے اس تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا، جس کے بعد شہداء وطن ک کے لیے سورۃ الفاتحہ کی تلاوت کی گئی اور پھر باالترتیب عراق کا قومی ترانہ اور روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کا ترانہ پڑھا گیا۔
اس کے بعد قرآن علمی کمپلیکس کی نمائندگی کرتے ہوئے ڈاکٹر لیوا العطیہ نے تقریب سے خطاب کیا اورالکفیل رسم الخط کو عصر حاضر کی ڈجیٹل و تکنیکی ترقی اور پیشرفت کے ساتھ ہم آہنگ رہنے کے لئے ایک ضرورت قرار دیا کہ جو کتاب الہی کی تعلمیمات کے فروغ اور خدمت کے لئے استعمال کیا جاتا ہے.
اس کے بعد سامعین نے شاعر سیدعلی الصفار کی ایک خوبصورت نظم سنی جس کے بعد عربی خطاطی کے ماہرین کی کمیٹی کی جانب سے ایک تقریر کی گئی جس میں کہا گیا کہ الکفیل (نسخ) رسم الخط میں منظور شدہ جمالیاتی قواعد و ضوابط کے مطابق کلمات کو لکھنے اور پڑھنے کے لئے تمام مستند خصوصیات موجود ہیں۔
ڈیجیٹل فونٹ الکفیل نسخ کی رونمائی کی تقریب میں خطاطی کے حروف اور اشکال پر ایک تعارفی سیشن بھی شامل تھا جس کے بعد بغداد یونیورسٹی کے کالج آف فائن آرٹس کے شعبہ عربی خطاطی اور آرائش کے پروفیسر ڈاکٹر حسین علی اور علمی کمپلیکس کے حسین علی خدر نے ڈیجیٹل فونٹ الکفیل نسخ کا تعارف، اس کی خصوصیات، اس کی جمالیات اور عربی نسخہ کے اصولوں کے مطابق خطاطی کی تکنیکی تفصیلات اور قرآنی میدان میں اس کے استعمال کا جائزہ پیش کیا ۔
الکفیل نسخ فونٹ کے اجراء کو قرآنی شعبے میں ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانے اور اس میدان میں روضہ مبارک کے لیے ایک خاص خط کو شامل کرنے کے لیے ایک اہم قدم سمجھا جاتا ہے، کہ جو قرآن کمپلیکس کے قرآن پرنٹنگ سینٹر کی کاوشوں کا ثمر ہے۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء، حاضرین اور معاون عملے کو اعزاز سے نوزا گیا۔