روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے شعبہ معارف اسلامی و انسانی کی جانب سے بصرہ گورنریٹ میں تیسری روایت کے مطابق حضرت فاطمہ الزہرا سلام اللہ علیہا کے یوم شہادت کی یاد میں مجلس عزاء منعقد کی گئی۔
یہ مجلس عزاء شعبہ معارف اسلامی و انسانی سے منسلک بصرہ ہیریٹیج سینٹر کی جانب سے منعقد کی گئی تھی۔
مجلس عزاء سے شیخ محمد الرکابی نے خطاب کرتے ہوئے حضرت فاطمہ الزہرا (عليها السلام) کی سیرت مبارکہ اور رسول اکرم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ) کی وفات کے بعد آپ پر ڈھائے جانے والے مظالم پربات کی۔ انہوں نے نبوت اور امامت کے دفاع کے لیے حضرت فاطمہ الزہرا (عليها السلام) کی بہادری، استقامت اور عظیم قربانیوں پر بھی روشنی ڈالی۔
انہوں نے مجلس میں حضرت فاطمہ الزہرا سلام اللہ علیہا کے بلند علمی مقام اورآپ کی مقدس صفات کو بیان کیا اور اس بات پر زور دیا کہ صاحب اقلام کو چاہیئے کہ وہ علمی، تحقیقی اور موزوں انداز میں اس سانحہ کو دنیا کے سامنے لائیں۔
مجلس کے اختتام پر نوحہ خوانی کی گئی اور صاحب عصر و زمان امام مہدی (عجّل الله تعالى فرجه الشريف) کے جلد ظہور کے لئے دعائے فرج پڑھی گئی۔
اس مجلس عزاء میں بصرہ ہیریٹیج سنٹر کے اراکین اور عملے نے شرکت کی۔