سیدہ طاہرہ حضرت ام البنین (سلام اللہ علیھا) کے یوم وفات کی مناسبت سے بعد از ظہر روضہ مبارک امام حسین علیہ السلام اور روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے خدام کی طرف سے ایک ماتمی جلوس نکالا گیا تاکہ اس دور حاضر میں جناب ام البنین(ع) کی عظمت و امتیاز کو اجاگر کیا جا سکے۔ اس جلوس میں شامل دونوں حرموں کے خدام نے حضرت عباس(ع) کو ان کی والدہ کی وفات کا پرسہ پیش کیا اور جب یہ جلوس روضہ مبارک حضرت عباس(ع) میں پہنچا تو یہ صداء گونجنے لگی: أعظم الله لك الأجر يا أبا الفضل بذكرى رحيل والدتك أمّ البنين (عليها السلام).
عمومی طور پر آئمہ معصومین علیہم السلام کے یوم شہادت پر پرسہ پیش کرنے کے لئے خدام کے عزائی جلوس روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام سے شروع ہوتے ہیں اور روضہ مبارک امام حسین علیہ السلام میں اختتام پذیر ہوتے ہیں لیکن حضرت ام البنین (سلام اللہ علیھا) کے یوم وفات کا پرسہ پیش کرنے کے لئے روضہ مبارک امام حسین علیہ السلام کے خادمین کا تعزیتی جلوس روضہ مبارک حضرت عباس پہنچتا ہے جہاں دونوں مقامات مقدسہ کے خدام حضرت عباس (ع) کو ان کی والہ ماجدہ کا پرسہ پیش کرتے ہیں اور مجلس عزاء کا انعقد کیا جاتا ہے۔