نجف کربلا روڈ پر واقع روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے مہمان خانہ کو پیدل آنے والے زائرین کی خدمت کے لیے کھول دیا گیا ہے اور ہر سال کی طرح اس سال بھی نجف کربلا روڈ پر واقع روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے مضیف (مہمان خانہ) کو اربعین امام حسین(ع) کے موقع پر پیدل آنے والے زائرین کی خدمت کے لیے کھولنے کے پہلے دن علمدارِ وفا حضرت عباس علیہ السلام کے علم کی پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی کہ جس میں روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے خدام اور اداری سربراہان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس افتتاحی تقریب کا آغاز تلاوت قرآن محید سے ہوا اس کے بعد روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے دینی امور کے سیکشن کی طرف سے علامہ سید عدنان موسوی نے خطاب کیا اور زائرین کی خدمت کی فضیلت کے حوالے سے گفتگو کی ۔
علامہ موسوی کے خطاب کے بعد معروف نوحہ خواں جناب باسم کربلائی نے نوحہ پڑھا اور اس کے بعد شاعر اھل بیت عبدالحسین صفار نے جناب عباس علیہ السلام کی شان میں قیصدہ پڑھا اور جس کے بعد علم کی پرچم کشائی کی گئی۔
مضیف حضرت عباس علیہ السلام میں بلند کیا جانے والا یہ علم زمین سے 45 میٹر بلند ہے جبکہ اس علم کی لمبائی 15 میٹر ہے اور چوڑائی 10 میٹر ہے اور اتنی بلندی پر اور اتنے بڑے علم کو اس مضیف (مہمان خانہ) میں لہرانے کا مقصد نجف سے کربلا کے راستے میں موجود علمدارِ وفا کے روضہ مبارک کی طرف سے بنائے جانے والے واحد مہمان خانہ پر علم کو ہی نشانی و علامت قرار دینا ہے۔
ہزاروں میٹر پر مشتمل اس مہمان خانہ کی تعمیر امام حسین علیہ السلام کے زائرین کی خدمت کے لئے کئے جانے والے ان اقدامات کی ایک کڑی ہے کہ جو روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی طرف سے انجام دئیے جا رہے ہیں اس مہمان خانہ میں زائرین کی خدمت کے لئے رہائش، کھانے، میڈیکل اور بہت سے دوسرے انتظامات کئے گئے ہیں۔