روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے وفد کی پاکستان کے دارلحکومت اسلام آباد میں منعقد ہونے والے پہلے سالانہ وویمن فیسٹیول میں بھرپور شرکت جاری ہے۔ یہ فیسٹیول حضرت فاطمہ الزہرا سلام اللہ علیہا کے یوم ولادت کی پر مسرت مناسبت پر (حضرت فاطمہ ہماری رول ماڈل ہیں) منعقد کیا جا رہا ہے۔
روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے وفد نے پہلے سالانہ وویمن فیسٹیول کے ضمن میں منعقد کی جانے والی فکری و ثقافتی نمائش کا افتتاح کیا۔
یہ فیسٹیول پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں الکوثر یونیورسٹی کے تعاون سے روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے شعبہ فکرو ثقافت سے منسلک تراث الأنبياء انسٹی ٹیوٹ /اردو برانچ کے زیر اہتمام منعقد کیا گیا ہے اور یہ تین دن تک جاری رہے گا۔
افتتاحی تقریب میں روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کےمتولی شرعی کے دفتر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر افضل الشامی، شعبہ مذہبی امور کے سربراہ شیخ صلاح الکربلائی، شعبہ تعلقات عامہ کے نائب سربراہ سید محمد جلوخان، حرم مقدس کے متعدد عہدیداران کے علاوہ اعلی علمی شخصیات اور حوزوی شخصیات نے شرکت کی۔
شعبہ مذہبی امور کے سربراہ شیخ صلاح الکربلائی نے کہا، "اس ثقافتی اور فکری نمائش کا افتتاح پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد میں پہلے سالانہ وویمن فیسٹیول کے ضمن میں منعقد کی جانے والی سرگرمیوں کا تسلسل ہے۔"
انہوں نے مزید کہا، "نمائش میں فکری، ثقافتی اور مذہبی مطبوعات اوراشاعتیں نمائش کے لئے پیش کی گئی تھیں جن کا مقصد پاکستانی معاشرے میں اہل بیت علیہم السلام کی ثقافت کو پھیلانا ہے، اس کے علاوہ طالبات کی جانب سے تیار کی گئی دستکاریاں، اردو اور عربی میں کی گئی خطاطی کی پینٹنگز بھی نمائشمیں شامل تھیں۔"
فیسٹیول کے کوآرڈینیٹر شیخ ناصر عباس نے کہا، "نمائش میں (15) مختلف پویلین شامل تھے، جن میں مذہبی اور عقائدی امور سے متعلق پویلین بھی شامل تھے۔ کچھ پویلینز میں حضرت فاطمہ الزہرا سلام اللہ علیہا کے بارے میں اردو زبان میں تحریریں نمائش کے لئے پیش کی گئی تھیں"