روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے وفد نے حضرت فاطمہ زہراء(ع) کے جشن میلاد کی مناسبت سے پاکستان میں منعقد ہونے والی بعض تقریبات میں شرکت کی۔
روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے متولی شرعی کے دفتر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر افضل شامی نے پاکستان کے ایک دیہی علاقے میں مسجد سیدہ زہراء(ع) کی افتتاحی تقریب کے دوران کہا کہ روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کا وفد جشن میلاد حضرت فاطمہ زہراء(ع) کے موقع پر پاکستانی مومنین کی خوشیوں میں شریک ہونے، اس پرمسرت مناسبت کے احیاء اور مسجد زہراء(ع) کے افتتاح کے لیے یہاں موجود ہے۔
شامی نے اپنے خطاب میں اہل بیت(ع) کے پیروکاروں کو امام علی بن ابی طالب(ع) کی ولایت سے متمسک رہنے کے سبب ہر زمانے میں پیش آنے والی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ تاریخ نے ان کے عظیم مواقف اور کردار کو محفوظ رکھا ہے کہ جو انہوں نے دنیا کے مختلف ممالک میں طرح طرح کے مظالم اور قسم و قسم کی اذیتوں کا سامنا کرنے کے دوران ظاہر کیے۔
انہوں نے اس بات کی طرف اشارہ کیا کہ اس صبر اور رسول اللہ(ص) و اہل بیت(ع) کے راستے پر چلنے کے بدلے میں امیر المومنین(ع) اپنے شیعوں اور چاہنے والوں کے لیے شفیع اور نجات دہندہ ہوں گے۔
جشن میلاد فاطمہ زہراء(ع) کے بابرکت ایام کے دوران اس افتتاحی تقریب کے ساتھ ہی یتیم بچوں کی رہائش کے لیے زینبیہ اکیڈمی کا سنگ بنیاد بھی رکھا گیا۔