روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے وفد کی پاکستان کے دارلحکومت اسلام آباد میں منعقد ہونے والے پہلے سالانہ وویمن فیسٹیول میں بھرپور شرکت جاری ہے۔ وفد نے پہلے سالانہ وویمن فیسٹیول کے ضمن میں منعقد کئے جانے والے دوسرے ریسرچ سیشن میں شرکت کی۔ یہ ریسرچ سیشن سیدہ النساء العالمین حضرت فاطمہ الزہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت طیبہ سے متعلق تھا۔
یہ فیسٹیول پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں الکوثر یونیورسٹی کے تعاون سے روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے شعبہ فکرو ثقافت سے منسلک تراث الأنبياء انسٹی ٹیوٹ /اردو برانچ کے زیر اہتمام منعقد کیا گیا ہے اور یہ تین دن تک جاری رہے گا۔
فیسٹیول کے پروگرام آفیسر شیخ ناصر عباس نجفی نے کہا کہ "پہلے سالانہ وویمن فیسٹیول کے ضمن میں حضرت فاطمہ الزہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت طیبہ ، ان کے مقام اور فضائل پر دوسرے ریسرچ سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ یہ ریسرچ سیشن الکوثر یونیورسٹی کے المصطفیٰ ہال میں منعقد کیا گیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا، "تحقیقاتی سیشن میں تین تحقیقی مقالے پیش کیے گئے، پہلا مقالہ المنتظر علمی یونیورسٹی لاہور کے لیکچرر سید ضیاء الحسن النقوی کا تھا جبکہ دوسری تحقیق الکوثر یونیورسٹی کے استاد و محقق شیخ آفتاب حیدر جوادی نے پیش کی۔ تیسری تحقیق پاکستان میں ون نیشن فاؤنڈیشن کے سربراہ شیخ محمد امین شہیدی نے پیش کی۔ سیشن کا اختتام محققین کو اعزازی شیلڈز پیش کرنے سے ہوا۔"