روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے وفد کا عراقی سفارتخانے کا دورہ اور پاکستانی زائرین کی عراق آمد میں سہولت فراہم کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال

روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد میں موجود وفد نےعراقی سفارتخانے کا دورہ کیا اور پاکستان میں تعینات عراقی سفیر اور عملے سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کے دوران پاکستانی زائرین کی عراق آمد میں سہولت فراہم کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے متولی شرعی کے دفتر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر افضل الشامی نے کہا، "میٹنگ میں عراق آنے والے زائرین کو خاص طور پر زیارت اربعین کے دوران، درپیش مسائل اور مشکلات اور ان کے حل تلاش کرنے کےبارے میں بات کی گئی۔ اس کے علاوہ پاکستانی شہر کراچی اور بصرہ گورنریٹ کے درمیان سمندری راستے کو کھولنے کے منصوبے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، تاکہ زائرین کی آمد کے عمل کو آسان بنایا جاسکے۔ "

انہوں نے مزید کہا کہ "اس اجلاس میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر سمیت سماجی،مذہبی اور علمی شخصیات نے بھی شرکت کی تاکہ اس اجلاس میں زائرین کی خدمت اور انہیں درپیش بعض مسائل پر تبادلہ خیال کرنے اور ان کے حل کے لیے مشاورت کی جا سکے۔"

پاکستان میں عراق کے سفیرسید حامد عباس لفتة نے کہا، " روضہ مبارک حضرت عباس (ع) کے وفد کے ساتھ ملاقات نتیجہ خیز رہی، اور ہم نے ان خدمات پر تبادلہ خیال کیا جو ہم تمام زائرین کو فراہم کرتے ہیں۔"

انہوں نے کہا،" اس میٹنگ میں زائرین کو فراہم کی جانے والی خدمات کے طریقوں اور ان کی ترقی اور تنوع کے علاوہ، نقل و حمل کے عمل کو آسان بنانے اور کراچی اور بصرہ کے درمیان سمندری راستے کے ذریعے نقل و حمل کے منصوبے پر بات چیت کی گئی۔"
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: