یہ فیسٹیول الکفیل دینی مدارس برائے خواتین کی جانب سے سیدۃ النساء العالمین جناب فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی ولادت باسعادت کو منانے کے لئے ہر سال منعقد کیا جاتا ہے اور چھٹا انٹرنیشنل روح النبوۃ کلچرل فیسٹیول (فاطمة الزهراء مجمع النورين النبوة والإمامة) کے نعرے کے تحت منعقد کیا جا رہا ہے۔ اس فیسٹیول کے انعقاد کا مقصد حضرت فاطمہ الزہرا سلام اللہ علیہا کے یوم ولادت باسعادت کا احیاء اور ان کی فکر اور فضائل کو متعدد تقریبات کے ذریعے اجاگر کرنا ہے۔
افتتاحی تقریب میں روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے متولی شرعی علامہ سید احمد صافی، سیکرٹری جنرل انجینئر سید مصطفی مرتضی ضیاءالدین، شیعہ اوقاف بورڈ کے سربراہ ڈاکٹر حیدر الشمری، بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ممبران اور شعبوں کے سربراہان، کربلا کے گورنر جناب ناصف جاسم الخطابی، اعلی سرکاری و سماجی شخصیات اور خواتین ماہر تعلیم بھی موجود تھیں۔
تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور شہدائے وطن کے لئے فاتحہ خوانی سے کیا گیا۔ اس کے بعد بالترتیب قومی ترانہ اور روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کا ترانہ پڑھا گیا۔
فیسٹیول کی اہم سرگرمیوں میں ایک تھیٹر پرفارمنس، عراقی شہداء کے خاندان کو خراج عقیدت پیش کرنا، آج کے مبارک دن کے حوالے سے خوبصورت قصیدے پڑھنا شامل تھا۔
تقریب کے اختتام پر الکفیل مدارس برائے خواتین کی جانب سے منعقد کردہ مصوری، خطاطی اور فائن آرٹس کی نمائش کا افتتاح بھی کیا گیا اور کانفرنس میں موجود شرکاء نے اس نمائش میں شرکت کی اور نمائش میں پیش کی گئی تصاویر خطاطی کے فن پاروں اور ہاتھ سے بنائی گئی اشیاء کو بے حد سراہا۔
آج کے دن کی اہم سرگرمیوں میں فوٹو گرافی اور ڈرائنگ مقابلے کا انعقاد بھی شامل تھا ۔
چھ روزہ فیسٹیول میں تحقیقی کانفرنسز، قرآنی اور شعری نشستیں اور بہت سی مذہبی اور ثقافتی تقریبات بھی شامل ہیں جن میں (14) عرب اور بیرونی ممالک یعنی کویت، سعودی عرب، بحرین، عمان، لبنان، مصر، تیونس، مراکش، ایران، فرانس، انگلینڈ، اٹلی، سپین اور بیلجیم کے وفود اور ماہرین شرکت کر رہے ہیں۔