اس فیسٹیول کے ضمن میں الکفیل دینی مدارس برائے خواتین کی جانب سے مصوری، خطاطی اور فائن آرٹس کی نمائش کا انعقاد بھی کیا گیا ہے۔
روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کےمتولی شرعی سید احمد صافی نے نمائش کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر شیعہ اوقاف بورڈ کے سربراہ ڈاکٹر حیدر الشمری، روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے جنرل سیکرٹری سید مصطفیٰ مرتضیٰ آل ضیاء الدین، بورڈ آف ڈائریکٹرز کے متعدد اراکین اور متعدد شعبہ جات کے سربراہان، کربلا کے گورنر جناب ناصف جاسم الخطابی اور اعلی سرکاری اور علمی شخصیات بھی موجود تھیں۔
یہ فیسٹیول الکفیل دینی مدارس برائے خواتین کی جانب سے سیدۃ النساء العالمین جناب فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی ولادت باسعادت کو منانے کے لئے ہر سال منعقد کیا جاتا ہے اور چھٹا انٹرنیشنل روح النبوۃ کلچرل فیسٹیول (فاطمة الزهراء مجمع النورين النبوة والإمامة) کے نعرے کے تحت منعقد کیا جا رہا ہے۔
اس نمائش میں الکفیل سکولز ڈویژن کی جانب سےمنعقد کیے گئے فوٹو گرافی، خطاطی اور ڈرائنگ مقابلوں کے شرکاء کی جانب سے بنائی گئی تصاویر، پینٹگز، خطاطی کے نمونے اور دستکاریاں رکھی گئی ہیں۔ مہمانوں اور وزیٹرز نے نمائش میں پیش کی گئی تصاویر خطاطی کے فن پاروں اور ہاتھ سے بنائی گئی اشیاء کو بے حد سراہا۔